لیسکو ایسٹرن سرکل میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں، 40 لاکھ روپے کے ڈیٹیکشن بل عائد ، ترجمان

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایسٹرن سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران بجلی چوری کے دو بڑے کیسز پکڑے گئے اور مجموعی طور پر تقریبا 40 لاکھ روپے کے ڈیٹیکشن بل عائد کیے گئے۔

لاہور۔15جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے سلسلے میں ایسٹرن سرکل کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران بجلی چوری کے دو بڑے کیسز پکڑے گئے اور مجموعی طور پر تقریبا 40 لاکھ روپے کے ڈیٹیکشن بل عائد کیے گئے۔ ترجمان کے مطابق بلال کالونی سب ڈویژن میں فاضل میموریل ہسپتال میں بجلی چوری کا انکشاف ہوا، جہاں صارف براہِ راست سپلائی کے ذریعے غیر قانونی طور پر بجلی استعمال کر رہا تھا۔ موقع پر کارروائی کرتے ہوئے بجلی چوری ختم کر دی گئی اور صارف کو تقریبا 30 ہزار یونٹس پر مشتمل 20 لاکھ روپے مالیت کا ڈیٹیکشن بل جاری کیا گیا۔اسی طرح باٹا پور سب ڈویژن میں ایک بڑے رہائشی احاطے کو براہِ راست سپلائی کے ذریعے بجلی استعمال کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ مذکورہ مقام پر تقریبا 10 ایئر کنڈیشنرز سمیت دیگر برقی آلات غیر قانونی طور پر چلائے جا رہے تھے۔ کارروائی کے دوران بجلی چوری ختم کر دی گئی اور صارف کو تقریبا 28 ہزار یونٹس پر مشتمل 20 لاکھ روپے کا ڈیٹیکشن بل جاری کیا گیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے کہا ہے کہ لیسکو بجلی چوری کے خاتمے اور قانون کی پاسداری کرنے والے صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائیاں جاری ہیں۔