پاکستان میں بنیادی آزادیوں کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

پاکستان میں بنیادی آزادیوں کے فروغ اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے پرعزم ہیں، بیرسٹر عقیل ملک

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ حکومت جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، آئینی اصولوں کے تحفظ اور بنیادی حقوق و آزادیوں کے فروغ کے لئے پرعزم ہے، انہوں نے آزادی، جمہوری اقدار اور بہتر طرز حکمرانی سے متعلق معلومات پر مبنی مکالمے کے فروغ میں مختلف اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات قومی ترقی اور عوامی شعور میں اضافے کے لئے اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ پیر کو پاکستان میں سیاسی، سول، اقتصادی اور ڈیجیٹل آزادیوں سے متعلق رپورٹ 2026 کے اجرا ء کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب کا اہتمام مشال پاکستان نے انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد (آئی ایس ایس آئی) کے اشتراک سے کیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ بنیادی آزادیوں اور جمہوری اقدار کا فروغ ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئین میں دیئے گئے حقوق کے تحفظ اور شفاف طرز حکمرانی کے فروغ کے لئے مسلسل کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔تقریب میں پالیسی سازوں، ماہرین تعلیم، سول سوسائٹی کے نمائندوں، میڈیا پروفیشنلز اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان میں سیاسی، سول، اقتصادی اور ڈیجیٹل آزادیوں کی موجودہ صورتحال اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رپورٹ میں جمہوری طرز حکمرانی، شہری امور، اقتصادی مواقع اور ڈیجیٹل حقوق سے متعلق اہم اشاریوں کا جامع جائزہ پیش کیا گیا ہے۔ شرکاء نے شہری شمولیت، جامع ترقی اور ڈیجیٹل حقوق کے فروغ سے متعلق مواقع اور چیلنجز پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر شرکاء نے جمہوری اقدار کے فروغ، بنیادی آزادیوں کے تحفظ اور ترقی پسند و خوشحال پاکستان کے لئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔