اسلامی نظریاتی کونسل نے پیغام پاکستان کی روشنی میں محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

اسلامی نظریاتی کونسل نے پیغام پاکستان کی روشنی میں محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس میں نفرت انگیز تقاریر اور قانون شکنی کی سختی سے ممانعت پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل نے پیغام پاکستان کی روشنی میں محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے جس میں نفرت انگیز تقاریر اور قانون شکنی کی سختی سے ممانعت پر مکمل اتفاق کیا گیا ہے۔تعلیمی اداروں میں اختلاف رائے کے آداب کو نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی ہے تاکہ نئی نسل میں برداشت، رواداری اور مکالمے کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے۔ منگل کو یہاں بین المسالک ہم آہنگی قومی کانفرنس کے اختتام پر جاری اعلامیہ میں نفرت انگیز تقاریر اور قانون شکنی کی سختی سے ممانعت پر مکمل اتفاق کیا گیا اور اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کسی بھی فرد کی تکفیر کا اختیار صرف عدالتوں کو حاصل ہے۔ اجلاس میں دہشت گردی کی تمام اقسام کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے اس کے خاتمے کے لیے مشترکہ قومی عزم کا اعادہ کیا گیا، مذہبی شخصیات کے احترام و حرمت کے تحفظ کو یقینی بنانے پر اتفاق ہوا اور تعلیمی اداروں میں اختلاف رائے کے آداب کو نصاب کا حصہ بنانے کی سفارش بھی کی گئی تاکہ نئی نسل میں برداشت، رواداری اور مکالمے کی ثقافت کو فروغ دیا جا سکے جبکہ خواتین، بزرگوں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ پر خصوصی زور دیتے ہوئے محرم الحرام کو امن، اتحاد اور صبر کا مہینہ قرار دیا گیا ۔وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے اعلامیہ پڑھ کر سنایا اور کہا کہ ملک میں فرقہ واریت کے خاتمے، قومی یکجہتی کے فروغ، پاکستان کی قیادت کی علاقائی امن کوششوں کی تحسین، ایران اور امریکاکے درمیان امن معاہدے میں پاکستان کا کردار مثالی ہے۔ اجلاس میں پاک فوج اور قوم کے اتحاد کو مثالی قرار دینے اور ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔