زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کے درمیان ادارہ جاتی ترقی کے فروغ کے لئے مفاہمتی یادداشت پردستخط

زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کے درمیان پیشہ ورانہ تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور ادارہ جاتی ترقی کے فروغ کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے

فیصل آباد ۔ 16 جون (اے پی پی):زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پبلک فنانس اکاؤنٹنٹس کے درمیان پیشہ ورانہ تعلیم، استعداد کار میں اضافے اور ادارہ جاتی ترقی کے فروغ کےلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ اس سلسلے میں سنڈیکیٹ روم میں منعقدہ تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور پیپفا کے صدر عثمان احسن نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے۔ معاہدے کے تحت دونوں ادارے اکاؤنٹنگ، فنانس، آڈٹ، گورننس اور پبلک فنانشل مینجمنٹ کے شعبوں میں پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گےجس میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ، تربیتی پروگرامز، پیشہ ورانہ سرٹیفیکیشنز اور طلبہ و اساتذہ کے لیے علم و تجربات کے تبادلے کے اقدامات بھی شامل ہوں گے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اکاؤنٹنگ، فنانس، آڈٹ اشورنس اور پبلک فنانشل مینجمنٹ کے شعبوں میں استعداد کار کو مضبوط بنانا شفافیت، جوابدہی اور منصوبوں کے موثر انتظام کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعات اور پیشہ ورانہ اداروں کے درمیان شراکت داری وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کو بدلتی ہوئی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتوں اور عملی علم سے آراستہ کیا جا سکے۔ صدر پیپفا نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ اور پیشہ ورانہ تربیت کے اقدامات کی مکمل حمایت کے لیے پیپفا کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے پاس وہ مہارت اور وسائل موجود ہیں جن کی مدد سے یونیورسٹی کے تعلیمی اور پیشہ ورانہ ترقی کے پروگراموں کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعاون یونیورسٹی انتظامیہ کے وژن کے مطابق تعلیمی معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔ شرکا نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اشتراک تعلیمی معیار، پیشہ ورانہ ترقی اور ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے کے لیے نئی راہیں ہموار کرے گا جس سے طلبہ، اساتذہ اور وسیع تر معاشرہ مستفید ہوگا۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر وقاص وکیل، رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر آصف کامران، ڈائریکٹر بزنس انکیوبیشن سینٹر ڈاکٹر حماد بدر، ڈاکٹر ضیاء الحق، ڈاکٹر خرم ضیاء اور ڈاکٹر کاشف بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں