پاکستان ریلوے کی تاریخ کی کامیاب ترین آئوٹ سورسنگ، 5 ٹرینیں پونے 11 ارب روپے میں نجی شعبے کے سپرد کر دی گئیں، محمد حنیف عباسی

پاکستان ریلوے کی تاریخ کی کامیاب ترین آئوٹ سورسنگ، 5 ٹرینیں پونے 11 ارب روپے میں نجی شعبے کے سپرد کر دی گئیں، محمد حنیف عباسی

اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ریلوے کی تاریخ کی کامیاب ترین آئوٹ سورسنگ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ریلوے نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت پانچ اہم مسافر ٹرینوں کی کمرشل مینیجمنٹ پونے گیارہ (10.75) ارب روپے میں نجی شراکت داروں کے سپرد کر دی ہے، اس سے قبل ریلوے کو انہی ٹرینوں سے سالانہ تقریباً 8 ارب روپے کی آمدن حاصل ہو رہی تھی جس میں اب واضح اضافہ ہوگا۔

وزارت ریلوے کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اس فیصلے کے تحت عوام ایکسپریس، ملت ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ماڈل پر چلایا جائے گا جبکہ میانوالی پسنجر اور نارووال پسنجر بھی اب نجی شراکت داری کے تحت مسافروں کو پہلے سے بہتر اور جدید سہولیات فراہم کریں گی۔ اس شاندار کامیابی پر وفاقی وزیرِ ریلوے نے چیف کمرشل مینیجر اور ریلوے کی پوری کمرشل ٹیم کو خصوصی شاباش دی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔

وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے میڈیا کو بتایا کہ مسافر ٹرینوں سے قبل مال بردار (فریٹ) ٹرینوں کی آئوٹ سورسنگ بھی بہترین ریٹس پر کی گئی تھی جس کے نتیجے میں آئندہ مالی سال کے دوران فریٹ ٹرینوں سے 10 ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان انقلابی اقدامات کی بدولت پاکستان ریلویز اسی سال تاریخ میں پہلی بار ایک کھرب (100 ارب) روپے سے زائد کا ریکارڈ ریونیو حاصل کرنے جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے اور آنے والے دنوں میں عوام کو ریلوے کی طرف سے مزید اچھی خبریں ملیں گی۔

مزید خبریں