سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ہجری سال 1448 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا ہجری سال 1448 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ہجری سال 1448 کے آغاز پر پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی ہے کہ نیا ہجری سال پاکستان اور عالمِ اسلام کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو، محرم الحرام ہمیں صبر، قربانی، حق اور باطل کے درمیان فرق کی پہچان کا درس دیتا ہے، انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے جاں نثار رفقاء نے ظلم و جبر اور ناانصافی کے خلاف جس استقامت، صبر اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ قیامت تک انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کربلا کا پیغام مسلمانوں تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لئے برائی کے خلاف جدوجہد اور سچائی کے قیام کا درس ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی عظیم قربانی نے ہمیں درس دیا ہے کہ حق کے لئے ڈٹ جانا ہی حقیقی کامیابی ہے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ نیا اسلامی سال ہمیں اپنے انفرادی اور اجتماعی طرزِ عمل کا جائزہ لینے اور معاشرے میں اخوت، رواداری، برداشت اور اتحاد کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر کے علماء کرام، مشائخ اور مذہبی رہنما ہمیشہ امن، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کرتے رہے ہیں، ان کی کاوشیں قومی یکجہتی کو مضبوط بنانے اور ہم آہنگی کے قیام میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔سپیکر قومی اسمبلی نے علماء و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ اپنے مثبت کردار کو مزید مؤثر بناتے ہوئے اتحادِ امت، برداشت اور امن کے پیغام کو عام کریں۔
انہوں کہا کہ آج کا دن ہمیں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں وطنِ عزیز پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کے عہد کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کشمیری اور فلسطینی بھائی آج بھی ظلم و بربریت اور ناانصافی کا سامنا کر رہے ہیں، محرم الحرام ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم حق و انصاف کا ساتھ دیں، مظلوموں کی حمایت کریں اور ظلم کے خلاف آواز بلند کریں، پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی ہر سطح پر مظلوموں کی حمایت جاری رکھے گا۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ عصر حاضر کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے اور امت مسلمہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے اسوۂ حسینی پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم، ہمیں فرقہ واریت، نفرت، عدم برداشت اور تشدد سے بچتے ہوئے اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہوگا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور اخوت کے پیغام کو فروغ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو امام حسینؑ کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور وطن عزیز کو امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے۔
اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اسلامی سالِ نو 1448 ہجری کے آغاز پر پاکستان کی عوام اور پوری امتِ مسلمہ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ماہِ محرم الحرام قربانی، صبر، استقامت اور حق و انصاف کے لئے ثابت قدمی جیسے اعلیٰ اصولوں کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بے مثال قربانی ظلم و جبر کے خلاف ڈٹ جانے اور دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے استقامت کی لازوال مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیا اسلامی سال ہمیں خود احتسابی اور معاشرے میں اتحاد، رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قومی ترقی اور استحکام کے لئے قومی یکجہتی، احترام اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا اسلامی سال پاکستان سمیت پوری امتِ مسلمہ کے لئے امن، خوشحالی اور ترقی کا سال ثابت ہو۔







