گلگت،بیوی کے بہیمانہ قتل کے مقدمے میں ملزم کو سزائے موت

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلگت امیر حمزہ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت کی سزا سنا دی

گلگت۔ 16 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلگت امیر حمزہ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم کو سزائے موت کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج گلگت جناب امیر حمزہ نے مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 12/2018 تھانہ نومل کی سماعت مکمل ہونے اور فریقین کے دلائل، شہادتوں اور ریکارڈ پر موجود شواہد کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد ملزم بازیر ولد میرزہ ساکن نلتر بالا، ضلع گلگت کو تعزیراتِ پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت سزائے موت کا حکم صادر کیا۔استغاثہ کے مطابق 28 اکتوبر 2018 کو صبح تقریباً 9:30 بجے ملزم نے گھریلو تنازعہ کے دوران اپنی اہلیہ مسماۃ آسمہ پر کلہاڑی کے وار کیے، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئیں۔ زخمی خاتون کو طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں۔ واقعہ کے بعد تھانہ نومل میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا ۔