ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن عبدالقدوس کے ہمراہ مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر چمن کا ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کے ہمراہ مختلف تعلیمی اداروں کا دورہ

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر چمن حبیب احمد بنگلزئی نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چمن عبدالقدوس کے ہمراہ مختلف تعلیمی اداروں کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری اسکول چمن اور گورنمنٹ ہائی اسکول بوغرا روڈ چمن میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے تدریسی سرگرمیوں، اساتذہ اور طلبہ کی حاضری، صفائی ستھرائی اور مجموعی انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے، طلبہ کو سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے اور اداروں میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ڈپٹی کمشنر چمن نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں دیانتداری، ایمانداری اور بھرپور صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں اور طلبہ کی تعلیمی و اخلاقی تربیت پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ضلع میں تعلیمی معیار کو مزید فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم چمن، تعلیم کے شعبے کی بہتری اور سرکاری تعلیمی اداروں کی مؤثر نگرانی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات بروئے کار لا رہے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاسوں کا دورہ کیا، طلبہ سے ان کے مضامین کے حوالے سے سوالات کیے اور ان کی تعلیمی استعداد کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جدید دور میں کوئی بھی قوم یا ملک معیاری اور جدید تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا، لہٰذا تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار کی بہتری ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔







