کمشنر نصیرآباد کی زیرِ صدارت ضلع کچھی کے محکمہ تعلیم کی سی آر سی کا اہم اجلاس

کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت ضلع کچھی کے محکمہ تعلیم کی سی آر سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈویڑنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواسع کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کچھی بیگ محمد ،پروفیسر خادم سلطان،عبدالصمند سپرنٹنڈنٹ سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔

کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):کمشنر نصیرآباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی زیرِ صدارت ضلع کچھی کے محکمہ تعلیم کی سی آر سی کا اہم اجلاس منعقد ہوا ۔اجلاس میں ڈویڑنل ڈائریکٹر ایجوکیشن عبدالواسع کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کچھی بیگ محمد ،پروفیسر خادم سلطان،عبدالصمند سپرنٹنڈنٹ سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران میل و فیمیل امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 13 امیدوار کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے، جنہوں نے اپنے اعتراضات اور داد رسی سے متعلق معاملات پیش کیے کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی کے تمام اراکین نے امیدواروں کے تحفظات کو نہایت توجہ اور تفصیل کے ساتھ سنا جبکہ ان کے متعلقہ دستاویزات اور تعلیمی اسناد کا باریک بینی سے جائزہ بھی لیا گیا اس موقع پر کمشنر نصیرآباد ڈویژن، صلاح الدین نورزئی نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعتراضات جمع کرانے والے تمام امیدواروں کی داد رسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور ان کی ڈگریوں و دستاویزات کی مکمل جانچ پڑتال شفاف انداز میں کی جائے تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو انہوں نے مزید کہا کہ میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام فیصلے حکومتی پالیسی قواعد و ضوابط اور مروجہ قوانین کے مطابق کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صرف اہل، قابل اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے تاکہ محکمہ تعلیم میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت ممکن ہو سکے ۔کمشنر نے واضح کیا کہ مفادِ عامہ کے تحت تمام اقدامات شفاف انداز میں انجام دیئے جا رہے ہیں اور کسی بھی امیدوار کی حق تلفی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں امیدواروں کے اعتراضات کے بروقت ازالے اور بھرتیوں کے عمل کو مکمل طور پر میرٹ کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچانے سے متعلق مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔مزید برآں، سی آر سی میں آنے والے تمام امیدواروں کی شکایات کو نہایت اطمینان اور سنجیدگی کے ساتھ سنا گیا اور ان کے اعتراضات کے منصفانہ حل، عدل کے تقاضوں کی تکمیل اور امیدواروں کو مطمئن کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے گئے۔