قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی شارٹ لسٹنگ کیلئے دو روزہ آفیشل ٹرائلز کا انعقاد18 جون کوہو گا

قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی شارٹ لسٹنگ کیلئے دو روزہ آفیشل ٹرائلز کا انعقاد18 جون کوہو گا

لاہور۔16جون (اے پی پی):قومی جونیئر ہاکی ٹیم کی شارٹ لسٹنگ کے لیے دو روزہ آفیشل ٹرائلز 18اور 19جون کو اسلام آباد میں منعقد ہوں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے میڈیا سیل کے اعلامیہ کے مطابق یہ ٹرائلز جونیئر ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران کیے جا رہے ہیں۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدر پی ایچ ایف محی الدین احمد وانی کی ہدایت پر نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں ہونے والے ان ٹرائلز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ قومی سیٹ اپ کے لیے بہترین اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا جا سکے۔

سلیکشن کمیٹی ان ٹرائلز کی نگرانی کرے گی جس میں چیف سلیکٹر اولمپین سمیع اللہ خان جبکہ ممبران میں اولمپین ناصر علی اور اولمپین نعیم اختر شامل ہیں۔ کمیٹی کو تکنیکی معاونت قومی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپین ایاز محمود، کوچ اولمپین سید سمیر حسین اور کوچ انٹرنیشنل اظفر یعقوب فراہم کریں گے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق یہ ٹرائلز میرٹ کی بنیاد پر حتمی ٹیم کے انتخاب کے لیے منعقد کیے جا رہے ہیں تاکہ بین الاقوامی مقابلوں کے لیے مضبوط اسکواڈ تشکیل دیا جا سکے۔