پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ کریمنالوجی سے تعلق رکھنے والے20 طلبہ نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام، روڈ سیفٹی اقدامات اور ڈیجیٹل اصلاحات بارے بریفنگ دی گئی۔
پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کاٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ

مزید خبریں
لاہور۔17جون (اے پی پی):پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کے تحت پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ کریمنالوجی سے تعلق رکھنے والے20 طلبہ نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں انہیں جدید ٹریفک مینجمنٹ نظام، روڈ سیفٹی اقدامات اور ڈیجیٹل اصلاحات بارے بریفنگ دی گئی۔ ترجمان کے مطابق ڈی ایس پی ہیڈکوارٹرز کی سربراہی میں طلبہ کو ٹریفک ہیڈکوارٹرز کا دورہ کر ایا گیا۔ اس موقع پر انہیں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم، سینٹرلائزڈ ڈیٹا سینٹر اور لائیو لائسنسنگ مانیٹرنگ سینٹر کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
طلبہ کو بروقت ڈرائیونگ لائسنس کی پرنٹنگ اور شہریوں تک اس کی ترسیل کے جدید نظام پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہیں جدید ایویڈنس بیسڈ چالاننگ سسٹم اور ون ایپ کے ذریعے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے طریقہ کار سے بھی روشناس کرایا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ون ایپ کے ذریعے شفاف اور موثر چالاننگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ نادہندگان کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی کے جدید کیمروں اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے ٹریفک مینجمنٹ اور قانون نافذ کرنے کے نظام کو مزید موثر بنایا گیا ہے، بریفنگ کے دوران طلبہ کو بتایا گیا کہ ٹریفک حادثات میں کمی ایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن ڈیسک کی موثر اور سائنسی تحقیقات کا نتیجہ ہے۔
اس کے علاوہ صوبہ بھر میں موجود ٹریفک کنجیشن پوائنٹس کی نگرانی ٹریفک ہیڈکوارٹرز سے کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ طلبہ کو انسداد تجاوزات کے لیے قائم سپیشل مانیٹرنگ ڈیسک کے کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں روڈ سیفٹی مہمات اور پنجاب بھر میں قائم ٹریفک پولیس ڈرائیونگ سکولز کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جہاں جدید سیمولیٹرز کے ذریعے ڈرائیونگ کی عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔
دورے کے اختتام پر طلبہ نے ٹریفک پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی جدید اصلاحات، تحقیق پر مبنی پالیسی سازی اور ٹیکنالوجی کے موثر استعمال کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق انٹرن شپ پروگرام کے اختتام پر طلبہ اپنی تحقیق، مشاہدات اور سفارشات پریزنٹیشن کی صورت میں جمع کروائیں گے۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر پنجاب محمد وقاص نذیر نے کہا کہ نوجوانوں کی پولیس انٹرن شپ پروگرام میں شمولیت انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے آگاہ کرنے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے معاون ثابت ہوگی۔








