کمشنر کوئٹہ کی زیرصدارت اجلاس، ٹریفک کی روانی کوبہتربنانے کیلئے مختلف تجاویز پرغور

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری اور ٹریفک مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت شہر میں ٹریفک کے نظام کی بہتری اور ٹریفک مسائل کے حل کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل ٹریفک انجینئرنگ بیورو، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن، ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ، سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کوئٹہ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کے افسران، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر رحیم کاکڑ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ عبدالستار روڈ کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے گا جبکہ مذکورہ سڑک کو نو پارکنگ زون قرار دیا گیا ۔اس سلسلے میں دکانداروں سے تحریری طور پر یہ یقین دہانی بھی حاصل کی جائے گی کہ وہ تجاوزات قائم نہیں کریں گے۔اجلاس میں لیاقت بازار، پرنس روڈ، مسجد روڈ اور قندھاری بازار میں پیڈ پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا، تاکہ مخصوص اوقات اور گھنٹوں کی بنیاد پر گاڑیوں کی پارکنگ کو منظم بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جا سکے۔اجلاس کے دوران سرینا چوک پر ٹریفک کے دبا ؤکو کم کرنے کے لیے ہوٹل کے مرکزی گیٹ کو اندر منتقل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر ہوٹل انتظامیہ کے نمائندے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گیٹ کی منتقلی کا لے آٹ ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے اور منظوری کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ کو ارسال کر دیا گیا ہے،منظوری کے بعد گاڑیوں کی سکیورٹی سکیننگ ہوٹل کے اندر کی جائے گی جس سے چوک پر ٹریفک کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔اس کے علاوہ عالی روڈ پر بجلی کے کھمبوں، بینکوں کے اے ٹی ایمز اور فٹ پاتھوں کی ازسرنو ترتیب اور ضروری حد تک کمی کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ سڑک کو کشادہ بنایا جا سکے اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔اجلاس کو ٹریفک انجینئرنگ بیورو کی جانب سے شہر میں نصب کیے گئے ٹریفک سگنلز کی فعالیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ تمام سگنلز کو جلد از جلد مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا جس کے بعد شہر میں ٹریفک کی روانی اور نظم و ضبط میں مزید بہتری آئے گی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے تمام اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں اور مختلف محکمے باہمی تعاون کے ساتھ ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مثر بنائیں۔