ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد

ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن کے ریٹائرڈ افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو مدت ملازمت مکمل کر کے ریٹائرمنٹ کے نئے مرحلہ میں داخل ہونے والے ہیں۔

ایبٹ آباد۔ 19 جون (اے پی پی):ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجو کیشن کے ریٹائرڈ افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جو مدت ملازمت مکمل کر کے ریٹائرمنٹ کے نئے مرحلہ میں داخل ہونے والے ہیں۔

میڈیا کوآرڈینیٹر وقاص شاہ کے مطابق تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد کے چیئرمین عنایت اللہ وسیم نے ریٹائرڈ ملازمین میں شیلڈز اور تحائف تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ریٹائرمنٹ زندگی کے ایک باب کے اختتام اور ایک نئے باب کے آغاز کا نام ہے، ہمارے ساتھیوں نے اپنی محنت، دیانتداری، لگن اور ذمہ داری کے ساتھ ادارہ کی خدمت کی،

ان کی خدمات، تجربات اور قربانیاں اس ادارہ کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں ہمیشہ یادر کھا جائے گا۔انہوں نے نہ صرف اپنے فرائض احسن طریقہ سے انجام دیئے بلکہ ادارہ کے وقار، ترقی اور کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، آج ہم ان کی گرانقدر خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔

تقریب کے آخر میں ریٹائرڈ ملازمین کی صحت اور تندرگی کیلئے دعا کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین آپ کی محنت اور خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ہم دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ آپ کو صحت کاملہ، خوشیوں بھری زندگی، اہل خانہ کے ساتھ سکون اور کامیابی عطا فرمائے، آپ کی عزت، تجربہ اور رہنمائی ہمیشہ ہمارے لئے باعث فخر رہے گی۔