کراچی پورٹ نے کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 26 لاکھ 51 ہزار ٹی ای یوز ہینڈل

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے رواں مالی سال کے اختتام سے قبل ہی کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل کر لیے ہیں۔

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) نے رواں مالی سال کے اختتام سے قبل ہی کنٹینر ہینڈلنگ کا نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے 26 لاکھ 51 ہزار سے زائد ٹی ای یوز کنٹینرز ہینڈل کر لیے ہیں۔جمعہ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ نے گزشتہ مالی سال میں قائم ہونے والے 26 لاکھ 51 ہزار ٹی ای یوز کے ریکارڈ کو عبور کرتے ہوئے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ کنٹینر ہینڈلنگ کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مالی سال کے اختتام سے چند ہفتے قبل حاصل ہونا پاکستان کے بحری شعبے پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور بندرگاہی کارکردگی میں نمایاں بہتری کا مظہر ہے۔

محمد جنید انوار چوہدری نے اس کامیابی کا سہرا کراچی پورٹ ٹرسٹ کے افسران اور کارکنان کی انتھک محنت، آپریشنل استعداد میں اضافے اور حکومت کی جانب سے بحری انفراسٹرکچر کی مضبوطی کے لیے کیے گئے اقدامات کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ریکارڈ پورٹ انتظامیہ اور حکومت کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ ایڈمرل شاہد احمد نے کہا کہ یہ کارکردگی بندرگاہ کی بڑھتے ہوئے تجارتی حجم کو سنبھالنے کی صلاحیت اور قومی اقتصادی اہداف کے حصول میں اس کے مؤثر کردار کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاری اصلاحات، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور بندرگاہی خدمات میں بہتری کے باعث کارگو اور کنٹینر ٹریفک میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ ملک کی سمندری تجارت کا بڑا حصہ سنبھالتی ہے اور درآمدات و برآمدات کے لیے ایک اہم گیٹ وے کی حیثیت رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر بحری امور نے کہا کہ بندرگاہ کی استعداد اور کارکردگی میں اضافے سے علاقائی اور عالمی شپنگ مارکیٹ میں پاکستان کی مسابقتی صلاحیت مزید مستحکم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بحری انفراسٹرکچر کی ترقی اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے عمل کو جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان ایک اہم لاجسٹکس اور ٹرانس شپمنٹ حب بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کنٹینر ہینڈلنگ کا یہ نیا ریکارڈ ملک میں بڑھتی ہوئی تجارتی سرگرمیوں اور علاقائی سپلائی چینز میں پاکستانی بندرگاہوں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کا عکاس ہے۔

مزید خبریں