سپیکر پنجاب اسمبلی سے ہنگری کے سفیر کی ملاقات

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور۔19جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو سید علی حیدر گیلانی، سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی اور ڈائریکٹر میڈیا را ماجد علی بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور ہنگری کے درمیان دوطرفہ تعلقات، پارلیمانی تعاون، تجارت، تعلیم اور فارماسیوٹیکل شعبے میں تعاون کے فروغ سمیت اہم امور زیرِ غور آئے۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری باہمی تعاون کو نئی جہت فراہم کرتی ہے اور جمہوری اداروں کے درمیان تجربات کا تبادلہ گورننس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیدی شعبوں میں تعاون سے مشترکہ ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔ سپیکر نے پاکستانی طلبہ کے لیے ہنگری کی جانب سے تعلیمی وظائف کے اجرا کو بھی سراہتے ہوئے اسے قابلِ تحسین اقدام قرار دیا۔ہنگری کے سفیر ڈاکٹر زولتان ورگا نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ہنگری کے تعلقات چھ دہائیوں پر محیط ہیں جو باہمی اعتماد اور دوستی کا مظہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، ٹیکنالوجی اور فارماسیوٹیکل شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ڈاکٹر زولتان ورگا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہنگری پاکستان کے ساتھ سفارتی، اقتصادی اور تعلیمی تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہو سکیں۔