پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ملک کی حالیہ خارجہ پالیسی اور سفارتی کامیابیوں پر سیاسی و عسکری قیادت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین اور دور اندیش سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کو جتوایا ہے
کامیاب سفارت کاری سے پاکستان کا عالمی وقار بلند ہوا، زراعت میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے، ڈاکٹر نفیسہ شاہ
اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ملک کی حالیہ خارجہ پالیسی اور سفارتی کامیابیوں پر سیاسی و عسکری قیادت کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین اور دور اندیش سفارت کاری کے ذریعے خطے میں امن کو جتوایا ہے جس سے عالمی سطح پر ملک کا وقار بحال ہوا اور انتہا پسند نظریات کو شکست ہوئی، خلیجی ممالک کے ساتھ موجودہ اقتصادی تعلقات قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کا تسلسل ہیں جو ملکی معیشت کو نئی راہ پر گامزن کریں گے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم این اے ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ملکی معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے اور آئی ایم ایف پر انحصار ختم کرنے کے لیے حکومت کے سامنے تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے کثیر الآبادی والے ملک کی معاشی ترقی کے لیے زراعت اور صنعت کے شعبوں میں ہنگامی بنیادوں پر سرمایہ کاری کی جائے اور ’’اڑان پاکستان‘‘ وژن کے تحت اہداف کو حاصل کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے برآمدات میں حائل تمام رکاوٹوں کو فی الفور دور کیا جائے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے مطالبہ کیا کہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی یعنی کسانوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ ہو اور ملکی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو سکے۔









