کانگو کے بے گھر افراد کے کیمپوں میں خراب حالات سے ایبولا کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ گیا، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ کے انسانی امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ کانگو (ڈی آر سی) میں بے گھر افراد کے کیمپوں میں گنجان آبادی اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث ایبولا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے

اقوام متحدہ ۔20جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے انسانی امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ کانگو (ڈی آر سی) میں بے گھر افراد کے کیمپوں میں گنجان آبادی اور صفائی کی ناقص صورتحال کے باعث ایبولا وائرس کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوسی ایچ او ) کے مطابق صوبہ ایتوری میں 60 سے زائد مقامات پر 2 لاکھ 70 ہزار سے زیادہ افراد، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے، پناہ لیے ہوئے ہیں۔ ان کیمپوں میں پینے کے صاف پانی، صفائی ستھرائی اور صحت کی بنیادی سہولیات کی شدید کمی ہے۔اوسی ایچ اے نے بتایا کہ مقامی شراکت داروں کی رپورٹس کے مطابق بدھ اور جمعرات کے درمیان ایتوری کے دارالحکومت بونیا کے دو کیمپوں میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہوئے۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر تحقیقات کر رہی ہیں کہ آیا ان اموات کا تعلق ایبولا وائرس سے ہے یا نہیں۔ اپریل سے اب تک بونیا کے اطراف قائم کیمپوں میں کم از کم 62 اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔ادارے کے مطابق یہ اموات ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب بونیا میں ایبولا کی وبا دوبارہ شدت اختیار کر رہی ہے۔ طبی مراکز پر عدم اعتماد، کیمپوں میں حد سے زیادہ ہجوم، حفاظتی اقدامات میں کمی اور لاشوں کو غیر محفوظ طریقے سے سنبھالنا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات میں اضافہ کر رہا ہے۔ادارے نے مزید کہا کہ ایتوری صوبہ اس وقت وبا کا مرکز بنا ہوا ہے اور تصدیق شدہ ایبولا کیسز میں 90 فیصد سے زائد اسی علاقے سے سامنے آئے ہیں۔مقامی حکام کے مطابق بدھ تک ایتوری، شمالی کیوو اور جنوبی کیوو صوبوں میں ایبولا کے 896 تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہو چکے تھے۔اوسی ایچ او نے کہا کہ وہ اپنے شراکت داروں اور مقامی حکام کے ساتھ مل کر عوامی آگاہی، صحت اور صفائی کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے، تاہم موجودہ اقدامات ضرورت کے مقابلے میں ناکافی ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق ایبولا کی وبا ایک وسیع تر انسانی بحران کے دوران سامنے آ رہی ہے۔ 2026 کے انسانی امدادی منصوبے کے تحت 1.4 ارب ڈالر درکار ہیں تاکہ خوراک، تحفظ، پانی، صفائی، صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں 73 لاکھ ضرورت مند افراد کی مدد کی جا سکے۔

مزید خبریں