ورلڈ کپ میں جذباتی لمحہ، کیپ وردےکے گول کیپر فوزینہ کی والدہ سے ملاقات

فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کیپ وردےکے تجربہ کار گول کیپر فوزینہ کی اپنی والدہ سے میامی میں ملاقات میگا ایونٹ کی سب سے دل چھو لینے والی کہانیوں میں شامل ہوگئی۔

میامی۔22جون (اے پی پی):فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران کیپ وردےکے تجربہ کار گول کیپر فوزینہ کی اپنی والدہ سے میامی میں ملاقات میگا ایونٹ کی سب سے دل چھو لینے والی کہانیوں میں شامل ہوگئی۔ شنہوا کے مطابق امریکہ کے شہر میامی میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے میچ کے دوران کیپ ورڈی کے 40 سالہ تجربہ کار گول کیپر فوزینہ (جوزیمار جوس ایوورا ڈیاس) کی والدہ انا کینڈیڈا ایوورا نے سٹیڈیم میں موجود رہ کر اپنے بیٹے کا میچ دیکھا، جس نے دنیا بھر کے فٹ بال شائقین کے دل جیت لیے۔ فوزینہ نے سپین کے خلاف پہلے تاریخی میچ میں 7 شاندار شاٹس روک کر ٹیم کو پہلا ورلڈ کپ پوائنٹ دلوایا تھا لیکن ویزا مسائل کی وجہ سے ان کی والدہ وہ میچ دیکھنے امریکا نہیں آ سکی تھیں، جس پر فوزینہ نے میچ کے بعد جذباتی ہو کر آنسو بہائے تھے۔

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد کیپ وردےمیں مقیم ایک چینی تاجر لین جی، فیفا اور کیپ ورڈی کے فٹ بال حکام نے فوری مدد کی اور انا کینڈیدا کے سفری مسائل حل کروائے جس کے بعد وہ 24 گھنٹے سے زائد کا سفر طے کر کے جمعہ کو فلوریڈا پہنچیں۔ اتوار کو یوراگوئے کے خلاف کھیلے گئے میچ میں، جو 2-2 سے برابر رہا، فوزینہ کی والدہ کیپ وردے کی جرسی پہنے اور جھنڈا تھامے خصوصی وی آئی پی باکس میں موجود تھیں اور انہوں نے فیفا کی جانب سے جاری کردہ ایک وڈیو میں تمام مداحوں اور مدد کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اپنے کیریئر کے سب سے بڑے سٹیج پر والدہ کی موجودگی نے 40 سالہ گول کیپر فوزینہ کے لیے اس ورلڈ کپ کو یادگار بنا دیا ہے جو 25 سال کی عمر تک پروفیشنل فٹ بال بھی نہیں کھیلتے تھے اور اب اپنی ٹیم کے اہم ترین کھلاڑی بن چکے ہیں۔