سرگودھا پولیس کی جانب سے 6 محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر 6 محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ،ضلع بھر میں 6 محرم کے 74 جلوس اور 241 مجالس منعقد ہو رہی ہیں

سرگودھا۔ 22 جون (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی ہدایت پر 6 محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ،ضلع بھر میں 6 محرم کے 74 جلوس اور 241 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن پر 15 سو سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں، ایس پی انوسٹی گیشن عمران عباس چدھڑ تمام مجالس اور جلوسوں کی اوور آل سپرویژن کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ محرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لیے امن کمیٹیوں، علمائے کرام اور تاجر برادری کا تعاون انتہائی ناگزیر ہے

تمام مکاتب فکر کے علماء اور ضلعی امن کمیٹی کے ارکان انتظامیہ کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں تاکہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے جلوس کے راستوں کی سرچنگ اور سویپنگ کی جا رہی ہے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے نگرانی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ قانون ہاتھ میں لینے والے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی،سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔