آر ڈی اے نے ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے سی ای او کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے

اسلام آباد۔ 22 جون (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی ہدایات پر میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے کی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف سخت کاروائی جاری ہے۔ آرڈی اے نے ویٹرن انکلیو لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ مذکورہ نوٹس ٹیکسلا، راولپنڈی میں واقع ہاؤسنگ منصوبے کی آر ڈی اے سے قانونی منظوری حاصل کیے بغیر سوشل میڈیا پر تشہیر، مارکیٹنگ اور پلاٹوں کی فروخت کرنے پر جاری کیا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نے سخت نوٹس لیتے ہوئے عوام الناس کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے محتاط رہیں، کسی بھی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی کے جھانسے میں نہ آئیں اور اپنی قیمتی جمع پونجی غیر محفوظ منصوبوں میں سرمایہ کاری کرکے خطرے میں نہ ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام اپنے مفاد اور تحفظ کے پیش نظر کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور آر ڈی اے سے منظور شدہ ہونے کی تصدیق ضرور کریں۔

آر ڈی اے شہریوں کو مشورہ دیتی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی یا غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری سے مکمل اجتناب کریں۔ مزید برآں، ویٹرن انکلیو کے سپانسرز اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سکیم کی تشہیر اور مارکیٹنگ فوری طور پر بند کریں اور قانون کے مطابق این او سی / منظوری کے حصول کے لیے آر ڈی اے سے رجوع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ترجمان آر ڈی اے کے مطابق ایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے سوشل میڈیا، واٹس ایپ، یوٹیوب اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کی تشہیر کے حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) ، سائبر کرائم اسلام آباد، ایس این جی پی ایل اسلام آباد، ڈسٹرکٹ کلکٹر راولپنڈی اور ضلع کونسل راولپنڈی کو بھی ضروری کارروائی کے لیے مراسلے ارسال کر رکھے ہیں۔ بعض مالکان اور ڈویلپرز کی جانب سے عوام کو گمراہ کرتے ہوئے آر ڈی اے سے این او سی حاصل ہونے کے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں

حالانکہ یہ دعوے حقائق کے منافی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے نےایم پی اینڈ ٹی ای ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی و غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں، کمرشل سرگرمیوں، بکنگ دفاتر اور تجاوزات کے خلاف بلاامتیاز، مؤثر اور سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ اور قانون کی عملداری یقینی بنائی جا سکے۔