عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرگوادر ڈاکٹرعبدالشکور

ڈپٹی کمشنرگوادرنقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی صورتحال، طبی سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حل سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

کوئٹہ۔ 22 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنرگوادرنقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور کی زیرِ صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر میں صحت عامہ کی صورتحال، طبی سہولیات کی فراہمی، ادارہ جاتی کارکردگی اور درپیش مسائل کے حل سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں میر عبدالغفور ٹیچنگ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حفیظ بلوچ، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر فاروق بلوچ، سی ای او جی ڈی اے ہسپتال ڈاکٹر ناصر شیخ، ایکسین بی اینڈ آر اکرم رحیم، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی ڈاکٹر مرشد دشتی، ڈپٹی سی ای او عمانی گرانٹ ہسپتال ڈاکٹر حمید بلوچ، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر نیشنل پروگرام ڈاکٹر واحد بلوچ سمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع میں صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز، ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں دستیاب سہولیات، طبی آلات، ادویات کی فراہمی، انسانی وسائل اور عوام کو معیاری طبی خدمات کی فراہمی کے حوالے سے مختلف ایجنڈا نکات زیرِ غور آئے۔

شرکاء نے صحت کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنانے کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام طبی مراکز میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے اور غیر حاضر افسران و ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اجلاس میں غیر حاضر طبی عملے کے خلاف ڈسپلنری ایکشن اور تنخواہوں میں کٹوتی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں حالیہ انسدادِ ڈینگی مہم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی مشترکہ کاوشوں سے ضلع بھر میں ڈینگی وائرس کے تدارک کے لیے مؤثر اسپرے مہم چلائی گئی، جس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں اور موجودہ صورتحال تسلی بخش ہے۔ اس موقع پر انسدادِ ڈینگی سرگرمیوں کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع گوادر کے عوام کو بہتر، معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور صحت کے شعبے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔