فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے باہمی اشتراک سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں سمر سپورٹس کیمپ 2026 کامیابی کے ساتھ جاری ہے
فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اشتراک سے سمر سپورٹس کیمپ 2026 کا شاندار آغاز
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن (ایف ڈی ای) اور پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کے باہمی اشتراک سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں سمر سپورٹس کیمپ 2026 کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ 15 جون سے 25 جون تک منعقد ہونے والے اس خصوصی کیمپ میں اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز کے بوائز و گرلز سکولز اور کالجز کے طلبہ و طالبات بھرپور انداز میں شرکت کر رہے ہیں۔یہ سمر سپورٹس کیمپ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے، کھیلوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور مستقبل کے قومی و بین الاقوامی کھلاڑی تیار کرنے کی ایک اہم اور موثر کاوش ہے۔ کیمپ کے انعقاد میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن جاوید مرزا کی خصوصی سرپرستی اور رہنمائی شامل ہے جبکہ محی الدین احمد وانی نے تعلیمی اداروں اور کھیلوں کے اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ڈائریکٹر سپورٹس فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن میڈم عاصمہ احمد نےطلباء و طالبات کی کیمپ میں شرکت کو یقینی بنانے کیلئےخصوصی اقدامات کئے۔
ان کی کاوشوں کی وجہ سے اسلام آباد شہر اور فیڈرل ایریا سے طلباء و طالبات کی کیمپ میں بھرپور شرکت جاری ہے۔کیمپ میں ہاکی، والی بال، ٹیبل ٹینس، بیڈمنٹن، سائیکلنگ اور چیس سمیت مختلف کھیلوں کی تربیتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ تمام کھیلوں کے لیے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے اندر الگ الگ وینیوز مختص کیے گئے ہیں تاکہ شرکا کو اعلیٰ معیار کی سہولیات اور تربیت فراہم کی جا سکے۔ ہاکی کی سرگرمیاں نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم میں جاری ہیں جبکہ ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن کے سیشنز روڈھم ہال میں منعقد ہو رہے ہیں۔ اسی طرح والی بال، سائیکلنگ اور چیس کے لیے بھی خصوصی وینیوز مختص کیے گئے ہیں۔شرکا کی سہولت کے لیےفیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کی جانب سے طلبہ و طالبات کو ان کے سکولوں اور کالجوں سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس لانے اور واپس پہنچانے کے لیے سرکاری بسوں کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے جسے والدین، اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔
ماہرین تعلیم اور کھیلوں کے شعبے سے وابستہ شخصیات کے مطابق یہ سمرسپورٹس کیمپ نوجوانوں میں جسمانی فٹنس، نظم و ضبط، ٹیم ورک، قائدانہ صلاحیتوں اور مثبت طرز زندگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ قومی کوچز کی زیر نگرانی تربیت حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات اپنی فنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے ساتھ ساتھ اعلیٰ سطح پر کھیلنے کے لیے بھی تیار ہو رہے ہیں۔تعلیمی اور کھیلوں کے حلقوں نے ایف ڈی ای اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اس مشترکہ اقدام کو نوجوان ٹیلنٹ کی نشوونما، کھیلوں کے فروغ اور پاکستان کے روشن سپورٹس مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ شرکا، والدین اور اساتذہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایسے پروگرام مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے تاکہ ملک کو مزید باصلاحیت اور تربیت یافتہ کھلاڑی میسر آ سکیں۔









