ضلع چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی شہید بینظیرآباد چوہدری ظفر آرائیں نے اپنی آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ضلع بھر کے 715 مستحق مرد و خواتین میں زکوٰۃ معاونتی کارڈ تقسیم کیے
نوابشاہ ،چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی شہید بینظیرآباد کی جانب سے 715 مستحق مرد و خواتین میں زکوٰۃ معاونتی کارڈ تقسیم

مزید خبریں
نوابشاہ۔ 22 جون (اے پی پی):ضلع چیئرمین زکوٰۃ و عشر کمیٹی شہید بینظیرآباد چوہدری ظفر آرائیں نے اپنی آفس میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ضلع بھر کے 715 مستحق مرد و خواتین میں زکوٰۃ معاونتی کارڈ تقسیم کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چوہدری ظفر آرائیں نے کہا کہ حکومتِ سندھ کی ہدایات کے مطابق زکوٰۃ فنڈ کو شفاف اور منصفانہ انداز میں مستحق افراد تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ غریب اور نادار خاندانوں کی مالی معاونت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زکوٰۃ کا بنیادی مقصد معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنا اور ان کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ زکوٰۃ معاونتی کارڈ کے ذریعے مستحق افراد باآسانی مالی امداد حاصل کر سکیں گے
جبکہ زکوٰۃ کمیٹیوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور شفافیت سے انجام دیں تاکہ ہر حقدار کو اس کا حق مل سکے۔چوہدری ظفر آرائیں نے بتایا کہ آج ضلع شہید بینظیرآباد کے 715 مستحق مرد و خواتین میں زکوٰۃ معاونتی کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں، جو سندھ بینک سے فعال (ایکٹیو) ہونے کے بعد ہر مستحق فرد کو سالانہ 16 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کریں گے۔تقریب کے دوران مستحق افراد نے زکوٰۃ معاونتی کارڈ وصول کرتے ہوئے حکومتِ سندھ اور محکمہ زکوٰۃ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی فلاحی سرگرمیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔اس موقع پر سعید احمد یوسفی، سمیع اللہ سموں سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔








