راولپنڈی کو سرسبز و خوبصورت بنانے کا اقدام، لیاقت باغ نرسری میں پودوں کی افزائش کا عمل مؤثر
ہارٹیکلچر ایجنسی شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہمات جاری رکھے ہوئے ہے ، احمد حسن رانجھا

مزید خبریں
راولپنڈی۔23جون (اے پی پی):ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی نے شہر کو سرسبز، خوبصورت اور ماحول دوست بنانے کے لیے لیاقت باغ نرسری میں پودوں کی افزائش، نگہداشت اور بہتر نشوونما کے عمل کو مزید مؤثر بنا دیا ہے، نرسری میں مختلف اقسام کے موسمی، سجاوٹی، پھلدار اور سایہ دار پودے تیار کیے جا رہے ہیں جو شہر کے پارکس، گرین بیلٹس، شاہراہوں اور دیگر عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے استعمال ہوں گے۔
ایم ڈی ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں درختوں اور پودوں کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے، ہارٹیکلچر ایجنسی نہ صرف شہر کے مختلف علاقوں میں شجرکاری مہمات جاری رکھے ہوئے ہے بلکہ شہریوں میں سبز ماحول کے فروغ اور ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ نرسری میں جدید باغبانی تکنیکوں کے ذریعے پودوں کی بہتر نشوونما کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ عملہ روزانہ کی بنیاد پر آبپاشی، کھاد کے متوازن استعمال، بیماریوں سے تحفظ اور دیگر ضروری امور انجام دے رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی صرف سرکاری اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ اس میں عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے۔ احمد حسن رانجھا نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہمات میں بھرپور حصہ لیں اور اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ماحول کے تحفظ میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی مستقبل میں بھی شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔








