عوام اور تاجر خون عطیہ مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں: افتخار علی ملک
عوام اور تاجر عطیہ خون مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، افتخار علی ملک

مزید خبریں
لاہور۔23جون (اے پی پی):سابق صدر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری افتخار علی ملک نے عوام،تاجروں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا ہے کہ وہ سندس فائونڈیشن کیلئے بڑھ چڑھ کر خون کا عطیہ دیں،ایک پوائنٹ خون تین قیمتی جانیں بچا سکتا ہے۔منگل کو عطیہ خون بارے ہفتہ آگاہی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مختلف ادارے خون کے عطیات جمع کر رہے ہیں تاکہ تھیلیسیمیا،ہیموفیلیا اور خون سے متعلق دیگر امراض میں مبتلا مریضوں کی مدد کی جا سکے،خصوصا وہ مریض جو سندس فائونڈیشن کے زیرِ علاج ہیں۔انہوں نے سندس فائونڈیشن کے بانی اور صدر ڈاکٹر محمد یاسین خان (ستارہ امتیاز) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہزاروں مریض،بالخصوص بچے،مسلسل خون کی منتقلی کے محتاج ہیں اور ان کی بقا معاشرتی تعاون سے وابستہ ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ خون کا عطیہ ایک عظیم انسانی خدمت ہے اور نوجوان صحت مند افراد بغیر کسی نقصان کے یہ عمل کر کے کئی زندگیاں بچا سکتے ہیں۔انہوں نے چیمبرز آف کامرس، تعلیمی اداروں، صنعتی و تجارتی تنظیموں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ وہ باقاعدہ بلڈ ڈونیشن کیمپس منعقد کریں۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی کوششوں اور آگاہی کے ذریعے ہی ضرورت مند مریضوں کے لیے خون کی مسلسل فراہمی ممکن بنائی جا سکتی ہے۔








