کیوبا کے سرکاری ملکیتی اداروں پر عائد نئی امریکی پابندیوں کی مذمت

کیوبا نے 5 سرکاری ملکیتی اداروں اور سابق صدر رائول کاسترو کے خاندان کے ایک فرد پر عائد نئی امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچانا ہے۔

ہوانا۔24جون (اے پی پی):کیوبا نے 5 سرکاری ملکیتی اداروں اور سابق صدر رائول کاسترو کے خاندان کے ایک فرد پر عائد نئی امریکی پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد ملکی معیشت کو مزید نقصان پہنچانا ہے۔ شنہوا کے مطابق کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز پریلا نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان میں کہا کہ امریکی حکومت، جس کی قیادت اس کے وزیر خارجہ مارکو روبیو کر رہے ہیں، کیوبا کی معیشت کے گرد گھیرا مزید تنگ کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں ایسے وقت میں لگائی گئی ہیں جب کیوبا نے ثابت کیا ہے کہ وہ امریکی دباؤ، سخت جارحیت اور عوام کی زندگیوں پر اجتماعی سزا جیسے اقدامات کے باوجود پہلے سے زیادہ مضبوط، باصلاحیت اور موثر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شخص دنیا کی سب سے بڑی طاقت سے جو کچھ کروانا چاہتا ہے، وہ ایک جرم ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق نئی پابندیوں کا ہدف کیوبا کے 5 سرکاری ادارے ہیں۔ ان میں سے تین ادارے گروپ ڈی ایڈمنسٹریشن ایمپریساریل سے منسلک ہیں جبکہ2 دیگر کان کنی اور دھات سازی کے شعبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔