لوئر دیر میں خوارجیوں کے خلاف کامیاب آپریشن، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی سی ٹی ڈی اور پولیس کو مبارکباد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے لوئر دیر کے علاقے میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے آپریشن کے دوران 6 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سی ٹی ڈی اور پولیس کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کو سراہا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا اور پولیس کے بہادر سپوتوں نے بروقت کارروائی کر کے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ پوری قوم کو اپنے سی ٹی ڈی اور پولیس کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جو ملک کی بقا اور امن کے لیے فرنٹ لائن پر برسرِپیکار ہیں۔