عالیہ کامران دیگر ارکان اسمبلی کے لیے رول ماڈل ہیں، سپیکر قومی اسمبلی

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی ایوان کی کارروائی میں فعال شرکت اور بجٹ اجلاس کے دوران بھرپور تیاری کے ساتھ ضمنی سوالات اٹھانے پر ان کی زبردست تعریف کی ہے۔

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی عالیہ کامران کی ایوان کی کارروائی میں فعال شرکت اور بجٹ اجلاس کے دوران بھرپور تیاری کے ساتھ ضمنی سوالات اٹھانے پر ان کی زبردست تعریف کی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سپیکر سردار ایاز صادق نے عالیہ کامران کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ انہوں نے جس طرح قومی اسمبلی کی کارروائی میں بھرپور حصہ لیا اور ہوم ورک و مکمل تیاری کے ساتھ ایوان میں ضمنی سوالات اٹھائے، وہ انتہائی قابل ستائش ہے۔

انہوں نے عالیہ کامران کی اس سنجیدگی کو دیگر ارکان کے لیے ایک بہترین مثال قرار دیا۔سپیکر قومی اسمبلی نے ایوان کے دیگر تمام ارکان پر زور دیا کہ انہیں بھی عالیہ کامران کی پیروی کرتے ہوئے اسی طرح مکمل تیاری اور ریسرچ کے ساتھ اسمبلی کی کارروائی اور سوالات کے سیشن میں حصہ لینا چاہیے تاکہ عوامی مسائل کو زیادہ موثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے اور پارلیمان کا وقار مزید بلند ہو۔