وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محنتی اور گھر کی ذمہ داری اٹھانے والے نوجوانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں، چھوٹی عمر میں اتنی بڑی ذمہ داری کا احساس ہونا انتہائی خوش آئند ہے، بیمار والدین اور چھوٹے بہن بھائیوں کی ذمہ داری اٹھانا کوئی چھوٹی بات نہیں۔
پرواز کارڈ سکیم کے تحت 135 نوجوانوں کا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہو رہا ہے،وزیراعلی مریم نواز

مزید خبریں
لاہور۔24جون (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ محنتی اور گھر کی ذمہ داری اٹھانے والے نوجوانوں کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں، چھوٹی عمر میں اتنی بڑی ذمہ داری کا احساس ہونا انتہائی خوش آئند ہے، بیمار والدین اور چھوٹے بہن بھائیوں کی ذمہ داری اٹھانا کوئی چھوٹی بات نہیں۔ پرواز کارڈ کے زیرا ہتمام تربیت مکمل کرکے بیرون ملک جانیوالے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پرواز کارڈ سکیم کے تحت 135 نوجوانوں کا گروپ 28 جون کو بیرونِ ملک روانہ ہو رہا ہے۔ پیارے بچوں، بیٹوں اور بیٹیوں کو بطور سکلڈ ورکر بیرون ملک پرواز کرنے کی بہت بہت مبارکباد دیتی ہوں، سب کو دیکھ کر اور آپ کی باتیں سن کر دلی خوشی ہوئی ہے، کچھ کر دکھانے کا عزم اور نوجوانوں کی توانائی دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پرواز کارڈ کے درخواست گزار نوجوان اتنے محنتی ہیں کہ صبح بورڈ کا پیپر ہوتا تھا اور یہ رات بھر محنت اور کام کرتے تھے۔ اللہ نے محنتی ہاتھ پھیلانے والا نہیں بلکہ دینے والا ہاتھ (برسرِروزگار) بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ نوکری کے خواہش مند ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس روزگار کے مواقع نہیں ہوتے، بیرونِ ملک جا کر نہ صرف روزگار کے بہترین مواقع ملیں گے بلکہ نیا ایکسپوزر بھی حاصل ہوگا۔ مریم نواز نے کہا کہ نوجوان بیرون ملک مشاہدہ کریں کہ جو قومیں ترقی کر گئیں، ان میں اور ہم میں کیا فرق ہے، خلیجی ممالک میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد جاتی ہے، افسوس سب سے زیادہ شرح غیر ہنر مند افراد کی ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ جب تک ہنر مند ورک فورس نہیں ہوگی، تب تک عالمی مارکیٹ میں کوئی مقام اور عزت نہیں ملے گی، پنجاب حکومت صوبے کے 5 لاکھ بچوں کو جدید عالمی تقاضوں کے مطابق ٹریننگ دے رہی ہے، ہر بچہ ڈگری ہولڈر نہیں ہوتا اور نہ ہی سب کے پاس اتنے مواقع ہوتے ہیں۔ عدنان چٹھہ اور سیکرٹری نادر چٹھہ نے پرواز کارڈ منصوبے پر بہترین کام کیا، دونوں شاباش کے مستحق ہیں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ ملک میں ترسیلاتِ زر کا حجم تقریبا 40 ارب ڈالر ہے۔ بیرونِ ملک جانے والی فورس میں غیر ہنر مند افراد 50 فیصد سے زائد ہیں،ہنر مندوں کی تعداد کم ہے جسے بڑھانا مشن ہے۔سیمی اسکلڈ افراد جب باہر جاتے ہیں تو اکثر فراڈ کا شکار ہو جاتے ہیں اور کام عزت والا نہیں ملتا۔ پنجاب حکومت نے کنسٹرکشن، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس، ہاسپیٹلٹی، ہیلتھ اور انرجی سیکٹرز پر فوکس کیا ہے۔
نوجوانوں کو ان تمام شعبوں میں عالمی معیار کی ٹریننگ دے کر بیرونِ ملک بھیجا جا رہا ہے۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ لیبز قائم کر دی ہیں، ورک فورس کو جدید ترین ٹریننگ دے رہے ہیں تاکہ وہ عالمی سطح پر بہترین اسکلڈ فورس بن سکیں، نوجوانوں کو ہنر دیکر انٹرنیشنل پلیسمنٹ اور دنیا کی بہترین کمپنیوں میں نوکریاں دلوائی ہیں، ہماری ٹیموں نے خود بیرونِ ملک جا کر وہاں کی جاب مارکیٹس کو دریافت کیا ہے۔ پنجاب میں اب صرف انٹرنیشنل مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق ہی ٹریننگ دی جا رہی ہے۔ پرواز کارڈ کے لیے امیدواروں کی 100 فیصد سلیکشن میرٹ پر ہوئی، کوئی سفارشی کلچر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے پاس ہنر ہوتا ہے، وہ کام کے لیے تیار ہوتے ہیں لیکن مہنگے پراسیس کے لیے فنڈز نہیں ہوتے، اب بیرونِ ملک جانے کا پورا مہنگا پراسیس اور اخراجات اب حکومتِ پنجاب نے اپنے ذمے لے لیے ہیں۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پرواز کارڈ کے ذریعے نوجوانوں کو 3 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ دے رہے ہیں، قرض کی واپسی کے لیے شروع کے تین ماہ کچھ نہیں دینا ہوگا، بعد میں آسان قسطوں میں ادائیگی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک جا کر آپ کو بہترین تنخواہ ملے گی اور کام کا نیا ماحول سیکھنے کو ملے گا۔ مجھے بہت خوشی ہے، آج آپ کی روانگی پر ماں کی مانند الوداع کرنا چاہتی ہوں، باہر جا کر کبھی یہ نہ بھولنا کہ آپ پاکستانی ہو، آپ بیرونِ ملک اپنے ملک کے سفیر ہو، بیرونِ ملک آپ کاکام اور اخلاق اور لوگوں سے لین دین کا طریقہ بہت اہمیت رکھتا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ اپنے ملک کے وقار کو ہمیشہ اپنی نظروں کے سامنے رکھیں، سب سے پہلے پاکستان کو اہمیت دیں، بیرونِ ملک رہ کر بھی اپنے والدین سے مسلسل رابطے میں رہیں، ان کے ہر دکھ سکھ میں کام آئیں، والدین کو دوری کا احساس نہ ہونے دیں، ماں باپ انسان کا سب سے بڑا اثاثہ ہوتے ہیں۔
زندگی میں کامیابی کے لیے والدین کی فرما نبرداری اور تابعداری انتہائی ضروری ہے۔ انہں نے کہا کہ پاکستان کو آپریشن بنیان مرصوص کی بہت بڑی فتح نصیب ہوئی، پاکستان نے اپنی دانشمندانہ حکمتِ عملی سے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کر کے دنیا کو حیران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے جو بچے بیرونِ ملک جا رہے ہیں، وہ دراصل وہاں جا کر ذمہ دارانہ سفارت کاری کریں گے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے دعا کی کہ اللہ تعالی مجھے توفیق دے کہ نوجوانوں کو جہاں میری ضرورت ہو، میں آسانی و سہولت کا باعث بن سکوں، میری دعا ہے کہ آپ سب بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک اور قوم کے لیے باعثِ فخر بنیں، جس دن بھی ہراسمنٹ کا کوئی واقعہ ہو، جب تک ملزم پکڑا نہ جائے آرام سے نہیں بیٹھتی۔








