منہاج القرآن علما کونسل کی پیغامِ امام حسین کانفرنس9محرم کو ہوگی،مختلف مکاتب فکر کے جید علما و مشائخ کاکانفرنس سے خطاب

منہاج القرآن علما کونسل کی پیغامِ امام حسینؓ کانفرنس 9 محرم کو منعقد ہوگی

لاہور۔24جون (اے پی پی):منہاج القرآن علما کونسل کے زیرِ اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون لاہور میں پیغامِ امام حسین علیہ السلام و اتحادِ امت کانفرنس 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب، بروز( جمعرات) 25 جون کو بعد نمازِ عشا رات ساڑھے نوبجے منعقد ہوگی۔کانفرنس میں ناظمِ اعلی تحریک منہاج القرآن خرم نواز گنڈاپور، صدر منہاج القرآن علما کونسل مفتی غلام اصغر صدیقی، ناظمِ اعلی نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری، صدر اتحاد المدارس العربیہ پاکستان علامہ مفتی محمد زبیر فہیم، مرکزی رہنما مجلس علما کونسل پاکستان علامہ مفتی فتح محمد راشدی، ناظمِ اعلیٰ جماعت اہلحدیث پنجاب علامہ محمد سلیمان شاکر، ممبر اتحاد بین المسلمین علامہ مفتی سید عاشق حسین شاہ، علامہ اشفاق علی چشتی، علامہ صاحبزادہ ظہیر احمد، علامہ پیر محمد طاہر نذیر نقشبندی سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علما و مشائخ خطاب کریں گے۔کانفرنس میں نامور قرا تلاوتِ کلامِ پاک کی سعادت حاصل کریں گے جبکہ معروف نعت خواں بارگاہِ رسالت مآب میں ہدیہ عقیدت پیش کریں گے۔ علاوہ ازیں ممتاز شعرا کرام مناقبِ سیدنا امام حسین ؓپیش کر کے حاضرین کے ایمان و محبت کو تازگی بخشیں گے۔مقررین اپنے خطابات میں فلسفہ شہادتِ امام حسین، محبتِ اہلِ بیت اطہار، اتحادِ امت، فروغِ امن، اخوتِ اسلامی اور محرم الحرام کے حقیقی پیغام پر روشنی ڈالیں گے۔ کانفرنس میں مختلف مذہبی و دینی جماعتوں کے قائدین، علما، مشائخ اور عوام الناس کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔منہاج القرآن علما کونسل کے زیرِ اہتمام ملک بھر میں پیغامِ امام حسین و اتحادِ امت کے عنوان سے سینکڑوں کانفرنسز، سیمینارز اور فکری نشستیں منعقد کی جا ئیں گی جن میں تحریک منہاج القرآن کے سکالرز اور علما کرام واقعہ کربلا کے آفاقی پیغام، شان امام حسینو اہلِ بیت اطہار کو اجاگر کر یں گے۔