کمشنر لورالائی کی زیر صدارت سی آر سی اجلاس، امیدواروں کے اعتراضات اور داد رسی کے معاملات کا جائزہ
کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت محکمہ تعلیم کی سی آر سی کا اجلاس

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی زیرِ صدارت ضلع لورالائی کے محکمہ تعلیم کی سی آر سی (CRC) کا ایک اہم اجلاس منعقد ہواجس میں محکمہ تعلیم کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے اعتراضات اور داد رسی سے متعلق معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈویژنل ڈائریکٹر ایجوکیشن سید عارف شاہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لورالائی محمد بختیار کاکڑ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر موسیٰ خیل جمال الدین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر دکی، ڈگری کالج کے پرنسپل پروفیسر سردار خان، سپرنٹنڈنٹ سمیت کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع دکی، موسیٰ خیل اور ژوب سے تعلق رکھنے والے میل و فیمیل امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 16 امیدوار کمیٹی کے روبرو پیش ہوئے۔ امیدواروں نے اپنے اعتراضات، شکایات اور داد رسی سے متعلق معاملات پیش کیے، جنہیں کمیٹی نے نہایت سنجیدگی اور توجہ کے ساتھ سنا۔کمشنر لورالائی ڈویژن ولی محمد بڑیچ کی سربراہی میں کمیٹی کے تمام اراکین نے امیدواروں کے تحفظات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ ان کی تعلیمی اسناد، ڈگریوں اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی باریک بینی سے جانچ پڑتال بھی کی گئی۔اس موقع پر کمشنر ولی محمد بڑیچ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعتراضات جمع کرانے والے تمام امیدواروں کی داد رسی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور ان کی ڈگریوں و دستاویزات کی مکمل اور شفاف جانچ پڑتال کی جائے تاکہ کسی بھی امیدوار کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھرتیوں کے عمل میں میرٹ، شفافیت اور انصاف کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور تمام فیصلے حکومتی پالیسی، قواعد و ضوابط اور مروجہ قوانین کے مطابق کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ صرف اہل، باصلاحیت اور میرٹ پر پورا اترنے والے امیدواروں کے انتخاب کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ محکمہ تعلیم میں بہترین افرادی قوت کی شمولیت ممکن ہو سکے۔ کمشنر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مفادِ عامہ کے تحت تمام اقدامات مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جا رہے ہیں اور کسی بھی امیدوار کی حق تلفی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں امیدواروں کے اعتراضات کے بروقت ازالے، شکایات کے منصفانہ حل اور بھرتیوں کے عمل کو مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر منطقی انجام تک پہنچانے کے حوالے سے مختلف امور پر بھی غور کیا گیا۔ اس موقع پر سی آر سی میں پیش ہونے والے تمام امیدواروں کو اپنے مؤقف کے اظہار کا مکمل موقع فراہم کیا گیا اور ان کے تحفظات دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔شرکاء اجلاس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ تعلیم میں بھرتیوں کے تمام مراحل شفاف، منصفانہ اور میرٹ کے مطابق مکمل کیے جائیں گے تاکہ عوام کا اعتماد بحال رہے اور تعلیمی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








