ہرنائی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگرم

ہرنائی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات، شمشان گھاٹ منصوبے کا معائنہ

کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):ہرنائی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مذہبی مقامات کی دیکھ بھال کے لیے ضلعی انتظامیہ سرگرم ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین نے بی ایس ڈی آئی اسکیم فیز 2 کے تحت ہندو برادری کے شمشان گھاٹ کے منصوبے کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر ہندو برادری کے رہنماؤں نے ریاستِ پاکستان اور پاک فوج کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہرنائی محمد سلیم ترین نے بی ایس ڈی آئی اسکیم فیز 2 کے ترقیاتی فنڈز سے ضلع ہرنائی کی ہندو کمیونٹی کے لیے زیرِ تعمیر شمشان گھاٹ کی چار دیواری اور دیگر جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو کام کی رفتار تیز کرنے اور معیار کو ہر صورت برقرار رکھنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ اس اہم دورے کے موقع پر ہندو کمیونٹی ضلع ہرنائی کے سربراہ مکھی بابو لعل، دیوان چند اور رمیش کمار بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے شمشان گھاٹ کے تعمیراتی کام کے ایک ایک حصے کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر موجود ہندو برادری کے وفد نے ضلعی انتظامیہ کی اس کاوش کو سراہا۔ ہندو رہنماؤں مکھی بابو لعل، دیوان چند اور رمیش کمار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہرنائی میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی اور حقوق حاصل ہیں۔ انہوں نے اقلیتی برادری کے حقوق کی بھرپور پاسداری کرنے، تحفظ فراہم کرنے اور اس اہم نوعیت کے منصوبے کی منظوری پر ریاستِ پاکستان اور صوبائی حکومت کے حکامِ بالا ڈپٹی کمشنر ہرنائی اور ضلعی انتظامیہ ٹویلتھ کور (12 Corps) اور کرنل ایف سی 81 ونگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک فوج اور انتظامیہ نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ہندو برادری کا ساتھ دیا ہے۔دورے کے اختتام پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد سلیم ترین نے ہندو برادری کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آئینِ پاکستان کے تحت تمام اقلیتی برادریاں ملک کا برابر کا حصہ ہیں اور آئندہ مستقبل میں بھی اقلیتوں کے حقوق، جان و مال کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ ہرنائی میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔