چیئرمین سینیٹ کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی سالانہ رپورٹ پیش
چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی سالانہ رپورٹ کمیٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے پیش کردی

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کی سالانہ رپورٹ (مارچ 2025 تافروری2026) کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پیش کی۔
رپورٹ میں مالی شفافیت، مالیاتی احتساب، مؤثر طرزِ حکمرانی اور قومی معیشت و محصولات سے متعلق امور کی نگرانی کو فروغ دینے کے لیے کمیٹی کی قانون سازی، نگرانی اور پالیسی سازی سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا ہے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور عوامی معاملات میں شفافیت و احتساب کو یقینی بنانے کے لیے پارلیمانی نگرانی کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے مالیاتی اور محصولات سے متعلق اہم امور کا جائزہ لینے میں کمیٹی کے فعال کردار کو سراہا اور حکمرانی میں بہتری اور جمہوری عمل پر عوامی اعتماد بڑھانے میں اس کے تعاون کو قابلِ قدر قرار دیا۔چیئرمین سینیٹ نے سلیم مانڈوی والا اور کمیٹی کے اراکین کی لگن اور محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مؤثر پارلیمانی کمیٹیاں عوامی مفادات کے تحفظ اور اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے جمہوری اقدار سے وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان کا ایوانِ بالا ملک میں بہتر طرزِ حکمرانی اور پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے شفافیت، احتساب اور مضبوط پارلیمانی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔








