استامحمد میں بی ایس ڈی آئی منصوبے کے تحت ترقیاتی کاموں کا جائزہ، ٹف ٹائلز بچھانے کا معائنہ
تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر استامحمد رمضان اشتیاق

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر استامحمد محمد رمضان پلال کی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر استامحمد رمضان اشتیاق نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد یاسین جمالی کے ہمراہ شہید مراد کالونی میں بی ایس ڈی آئی منصوبے کے تحت جاری ٹف ٹائلز بچھانے کے ترقیاتی کام کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار، استعمال ہونے والے میٹریل اور مجموعی پیش رفت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ۔معائنہ کے دوران بعض مقامات پر ٹف ٹائلز کے معیار اور تنصیب کے طریقہ کار سے متعلق تحفظات سامنے آئے جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار اور عملے کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ غیر معیاری ٹف ٹائلز کو فوری طور پر اکھاڑ کر پی سی ون میں درج معیار کے مطابق نئی اور معیاری ٹف ٹائلز دوبارہ نصب کی جائیں۔اسسٹنٹ کمشنر رمضان اشتیاق نے اس موقع پر واضح کیا کہ بی ایس ڈی آئی کے تحت جاری تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی وسائل کے شفاف، مؤثر اور درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے ان منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنر کی جاری کردہ ہدایات پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے بروقت اور معیاری انداز میں مکمل ہو سکیں اور عوام کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔








