زیارت میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی نئی عمارت کا افتتاح، تعمیراتی کام کا آغاز
ضلع زیارت کے علاقے کان ڈپو میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح اور تعمیراتی کام کا آغاز

مزید خبریں
زیارت۔ 24 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور حکومتِ بلوچستان کی تعلیمی ترقی کے عزم کے مطابق ضلع زیارت کے علاقے کان ڈپو میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح اور تعمیراتی کام کا آغاز کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زیارت، نقیب اللہ کاکڑ نے سکول کی معلمات، طالبات اور مقامی عمائدین کے ہمراہ منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آر ٹی ایس ایم ضلع زیارت کے نمائندے بدرالدین سمیت علاقے کے معززین بھی موجود تھے۔حکام کے مطابق یہ اہم تعلیمی منصوبہ تقریباً 7 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔ نئی عمارت کی تعمیر سے طالبات کو بہتر، محفوظ اور جدید تعلیمی ماحول میسر آئے گا، جبکہ تدریسی سرگرمیوں کے فروغ اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حکومتِ بلوچستان صوبے بھر میں تعلیمی شعبے کی بہتری، تعلیمی اداروں کی بنیادی سہولیات کی فراہمی اور بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دور دراز علاقوں میں بھی معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ہر بچی کو تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔اہلِ علاقہ نے منصوبے کے آغاز کا خیرمقدم کرتے ہوئے حکومتِ بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے متعلقہ حکام کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس منصوبے کی بروقت تکمیل سے علاقے میں تعلیمی معیار مزید بہتر ہوگا۔








