بلوچستان ریونیو اتھارٹی میں محصولات کی وصولی سے متعلق اہم اجلاس، وِدہولڈنگ ایجنٹس اور کنٹریکچوئل معاملات کا جائزہ
چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی زیر صدارت اجلاس، ٹیکس محصولات، ٹیکس تعمیل اور جاری انفورسمنٹ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 24 جون (اے پی پی):بلوچستان ریونیو اتھارٹی (BRA) میں چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی کی زیر صدارت پرائیویٹ وِدہولڈنگ ایجنٹس اور کنٹریکچوئل ایگزیکیوشن سے محصولات کی وصولی کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،
جس میں ٹیکس محصولات، ٹیکس تعمیل اور جاری انفورسمنٹ اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر محصولات میں مزید اضافے اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں حب انڈسٹریل ایریا، لیڈا (LIEDA) اور دیگر صنعتی علاقوں میں قائم کمپنیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس ادائیگی اور ریٹرن فائلنگ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ بعض کمپنیوں کی جانب سے کم یا عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ریکارڈ کی جانچ پڑتال، واجبات کی وصولی اور قانونی تقاضوں کے مطابق ضروری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی گئی۔چیئرمین نے ہدایت کی کہ لیڈا اور دیگر صنعتی زونز میں قائم کمپنیوں کا جامع سروے مکمل کیا جائے اور فعال، نئی قائم ہونے والی اور غیر فعال صنعتی یونٹس کی تفصیلی درجہ بندی تیار کی جائے۔ مزید برآں محصولات اور وصولیوں کی تفصیلی فہرست مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ غیر تعمیل کنندگان کے خلاف آئندہ انفورسمنٹ اقدامات کا جامع منصوبہ بھی پیش کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ماربل سٹی میں متعدد کمپنیوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے جبکہ ٹیکس قوانین پر عملدرآمد اور واجبات کی وصولی کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔چیئرمین بلوچستان ریونیو اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محصولات میں اضافے، ٹیکس قوانین کے مؤثر نفاذ، شفافیت کے فروغ اور ٹیکس دہندگان کی سہولت کاری کیلئے اقدامات مزید تیز کیے جائیں گے تاکہ بلوچستان کی پائیدار ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے مالی وسائل میں اضافہ یقینی بنایا جا سکے۔








