ہری پور،ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او کاخان پور میں محرم الحرام کے جلوس کے روٹس کا دورہ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

ڈپٹی کمشنر ہری پور اصلاح الدین نےڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں خان پور کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا، جن میں گڑھی سیداں، پنڈ گاکھڑا اور سرائے صالح شامل ہیں۔افسران نے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، ٹریفک مینجمنٹ پلان

24 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ہری پور اصلاح الدین نےڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور کے ہمراہ محرم الحرام کے سلسلے میں خان پور کے مرکزی جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا، جن میں گڑھی سیداں، پنڈ گاکھڑا اور سرائے صالح شامل ہیں۔افسران نے جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں، حساس مقامات، ٹریفک مینجمنٹ پلان، ایمرجنسی رسپانس سسٹم اور دیگر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، سرکل ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر آفس ہری پور میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا گیا، جہاں جلوسوں اور مجالس کی آن لائن مانیٹرنگ، نگرانی کے نظام اور مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مختلف امام بارگاہوں کے متولیان اور جلوس آرگنائزرز سے ملاقاتیں بھی کیں۔

ملاقاتوں میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی تعاون کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، شرکاء نے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی کمشنر اصلاح الدین اور ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پُرامن ماحول کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے، سی سی ٹی وی کیمروں، ڈرون سرویلنس، پولیس وینز اور مرکزی کنٹرول روم کے ذریعے مؤثر نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔جلوسوں سے قبل بم ڈسپوزل یونٹ کے ذریعے روٹس کی کلیئرنس، حساس عمارتوں پر سنائپرز کی تعیناتی اور اینٹی ڈرون سسٹم کے استعمال کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت اور مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔