"دسویں محرم الحرام پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات اور مسلسل نگرانی پُرامن عزاداری اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔”
ڈی پی او محمد اظہر اور ڈپٹی کمشنر میاں بہزاد عادل کی دسویں محرم الحرام کے جلوس کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی

مزید خبریں
مانسہرہ۔ 26 جون (اے پی پی):دسویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی فول پروف سیکیورٹی اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر مانسہرہ محمد اظہر خان اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی رہے ہیں۔
ترجمان مانسہرہ پولیس کے مطابق ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان اور ڈپٹی کمشنر مانسہرہ میاں بہزاد عادل نے دسویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس مفتی آباد کے روٹس، داخلی و خارجی راستوں اور سیکیورٹی پوائنٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی، سیکیورٹی انتظامات اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کیلئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی پی او مانسہرہ محمد اظہر خان نے ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کیلئے ہمہ وقت الرٹ رہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔ میاں بہزاد عادل نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مانسہرہ پولیس باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت محرم الحرام کے تمام جلوسوں اور مجالس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہیں۔








