صوبائی وزیر منشا اللہ بٹ کا محرم انتظامات کا جائزہ
صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت کا محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ اور ڈسکہ کنٹرول روم کا دورہ

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 26 جون (اے پی پی):صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشا اللہ بٹ نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر آفس سیالکوٹ اور ڈسکہ کنٹرول روم کا دورہ کیا۔محمد منشا اللہ بٹ نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا،ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
بعد ازاں صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع سیالکوٹ میں 400 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں اور مجالس کی نگرانی جاری ہے،محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ اور دیگر سہولیات کے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں،محمد منشاء اللہ نے کہا کہ جلوسوں کے روٹس اور مجالس کے مقامات پر سبیلیں، ہیٹ اسٹروک کیمپس اور لنگر کے انتظامات بھی کئے گئے۔صوبائی وزیر نے محرم انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے محرم الحرام کے دوران مؤثر مانیٹرنگ اور بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔








