ریسکیو 1122 کی یومِ عاشورہ پر مجالس و جلوسوں کو میڈیکل کوریج
یومِ عاشورہ: ریسکیو 1122 کی ضلع بھر میں بھرپور ایمرجنسی سروسز، 780 عزاداروں کو موقع پر طبی امداد

مزید خبریں
سیالکوٹ۔ 26 جون (اے پی پی):سیکٹری پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹرر ضوان نصیرکی خصوصی ہدایت پر یکم محرم سے دس محرم تک ریسکیو1122نے ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں کو میڈیکل کوریج مہیا کی۔ دس محرم یوم عاشورہ(شہادت امام حسین) کے دن30 اہم جلوس اور امام بارگاہوں میں ریسکیورز اور ریسکیوسکاؤٹس نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر نوید اقبال کی زیرنگرانی ڈیوٹی سر انجام دی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں میں بنائی گئی میڈیکل پوسٹوں اور ٹیموں کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کنٹرول روم میں محرم الحرام کی مناسبت سے رپورٹنگ کا بھی جائزہ لیا۔ یوم عاشورہ پر ریسکیو1122نے اپنے تمام وسائل کو ہائی الرٹ رکھا،15ریسکیو یمبولینسز ،6ریسکیو وفائر وئیکلز اور31 موٹرسائیکل ایمبولینسزسمیت 259 ریسکیورزنے ڈیوٹی انجام دی جبکہ 06 1 ریسکیو سکاؤٹس بشمول 12خواتین ریسکیوسکاؤٹس نے بھی ریسکیو ڈسٹرکٹ وارڈن جمیل جنجوعہ کی قیادت میں ڈیوٹی سر انجام دی۔ اس کے علاوہ ریسکیو کی معاونت کے لیے 8پرائیوئٹ ایمبولینسز نے بھی حصہ لیا۔ ریسکیورز اور ریسکیوسکاؤٹس پر مشتمل میڈیکل موبائل ٹیموں کے ہمراہ امام بارگاہ اڈہ پسروریاں، مستری عبداللہ، کینٹ، شاہ سیداں، کوٹلی سید میر، مظفرپور، رتیاں سیداں، کھروٹہ سیداں،کوٹلی لوہاراں،کوٹلی میر علی، منو ووال گوندل اور تحصیل پسرور، ڈسکہ اور سمبڑیال میں نکالے جانے والے اے کیٹگری کے جلوسوں کو میڈیکل کوریج مہیا کی۔ریسکیو1122نے ضلع بھر میں نکالے گئے جلوسوں میں زنجیر زنی کرنے والے 780عزاداروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد مہیا کی جبکہ 22کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ہسپتال منتقل کیا۔ ریسکیو سیفٹی آفیسر پسرور محمداحسان، تحصیل انچارج سمبڑیال محمد عاصم، تحصیل انچارج سیالکوٹ محمد رضا نے ڈیوٹی سر انجام دی۔ تحصیل سیالکوٹ کا بڑا جلوس چوک شہیداں میں جمع ہو تا ہے جہاں عزادار زنجیر زنی اور ماتم کرتے ہیں، کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے اور عزاداروں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ریسکیو نے چوک شہیداں میں ابتدائی طبی امداد پوسٹ قائم کی جس میں 12خواتین رضاکاروں نے ڈیوٹی سر انجام دی۔







