ڈیرہ غازی خان میں عاشورہ کے تمام جلوس و مجالس پُرامن اختتام پذیر
ڈیرہ غازی خان میں عاشورہ محرم کے تمام جلوس اور مجالس پرامن طور پر اختتام پذیر، ڈپٹی کمشنر کاسکیورٹی فورسز، منتظمین اور میڈیا کو خراج تحسین
ڈیرہ غازی خان ۔ 26 جون (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان میں یومِ عاشورہ محرم مذہبی عقیدت و احترام اور مکمل پرامن ماحول میں منایا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان محمد عثمان خالد نے ڈی پی او صادق بلوچ کے ہمراہ ڈیرہ غازی خان، کوٹ چٹھہ ، چوٹی زیرین، سخی سرور، تونسہ اور دیگر حساس مقامات کے مسلسل دورے کرتے ہوئے جلوسوں، مجالس اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی۔
انہوں نے ضلعی کنٹرول روم سے بھی ضلع بھر کی صورتحال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا۔ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے بتایا کہ ضلع بھر میں منعقد ہونے والے تمام مجالس اور جلوس اپنے مقررہ اوقات اور مقامات پر بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئے اور ضلع کے کسی بھی حصے میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے عاشورہ محرم کے کامیاب اور پرامن انعقاد پر ضلعی انتظامیہ، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں، ریسکیو سروسز، مجالس و جلوس کے منتظمین، ضلعی و تحصیل امن کمیٹیوں، علمائے کرام، متولیان، شہریوں، میڈیا نمائندگان اور تمام متعلقہ محکموں کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مربوط ٹیم ورک، مؤثر رابطہ کاری اور تمام اداروں کی شبانہ روز محنت کے باعث ضلع بھر میں بہترین انتظامات یقینی بنائے گئے۔ عزاداروں کو فول پروف سکیورٹی، صفائی، ٹریفک مینجمنٹ، طبی سہولیات، پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی سمیت تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں۔انہوں نے کہا کہ شدید گرمی کے پیش نظر جلوسوں کے شرکاء پر اینٹی سموگ گنز کے ذریعے پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا، جبکہ مختلف مقامات پر قائم مستقل سبیلوں کے علاوہ جلوسوں کے روٹس پر موبائل سبیلوں کے ذریعے بھی ٹھنڈے پانی کی مسلسل فراہمی جاری رکھی گئی۔ فیلڈ ہسپتال، میڈیکل کیمپس، ایمبولینس سروسز اور ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں مکمل طور پر فعال رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حساس مقامات پر مختلف محکموں کے مددگار کیمپس قائم کیے گئے تھے۔ ستھرا پنجاب پروگرام، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران و اہلکار عاشورہ کے دوران مسلسل فیلڈ میں موجود رہے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی کنٹرول روم سے ضلع بھر کی صورتحال کو ہر لمحہ مانیٹر کیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ برقرار رکھا گیا، جس کے نتیجے میں بروقت فیصلے اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا گیا۔ محمد عثمان خالد نے کہا کہ ضلعی امن کمیٹی، تحصیل امن کمیٹی، جلوس روٹس پر واقع مساجد کے آئمہ کرام، متولیان، منتظمین اور شہریوں نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، جس کی بدولت ضلع بھر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور مذہبی رواداری کی مثالی فضا برقرار رہی۔ڈپٹی کمشنر نے پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کی مثبت، ذمہ دارانہ اور بروقت رپورٹنگ کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے درست معلومات کی بروقت فراہمی، عوامی آگاہی اور امن و بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد عثمان خالد نے ضلع بھر کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تعاون، ذمہ دارانہ طرزِ عمل اور امن و رواداری کے جذبے نے عاشورہ محرم کے پرامن انعقاد کو ممکن بنایا، جو ڈیرہ غازی خان کی انتظامی صلاحیت، بین المذاہب ہم آہنگی اور مثالی امن و امان کی روشن مثال ہے۔








