وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا یومِ عاشورہ انتظامات کا جائزہ
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کا دورہ، انتظامات پر اطمینان کا اظہار

مزید خبریں
پشاور۔ 26 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے یومِ عاشور کے مرکزی جلوس کے مقام کا دورہ کیا اور سیکیورٹی و انتظامی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صوبے بھر میں کیے گئے سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پشاور میں زائرین سے ملاقات کے دوران پولیس، ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو زائرین نے بھرپور سراہا، جو تمام اداروں کی محنت کا ثمر ہے۔محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ یومِ عاشور ہمیں حق، صبر، استقامت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کرنے والوں کا انجام ہمیشہ ذلت ہوتا ہے جبکہ حق اور سچ پر قائم رہنے والوں کو تاریخ ہمیشہ عزت سے یاد رکھتی ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حضرت امام حسنؓ اور حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام اور حق کی سربلندی کے لیے عظیم قربانیاں دیں، جن کی سیرت پوری امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق کی راہ پر ثابت قدم رہنے والوں کو ہی ہمیشہ کامیابی حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے صوبے بھر کی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا اور دعا کی کہ یومِ عاشور کے تمام اجتماعات اور جلوس پرامن انداز میں بخیر و خوبی اختتام پذیر ہوں۔







