اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے موجودہ پُرآشوب عالمی حالات میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ کا پُرآشوب عالمی صورتحال میں تعاون کے فروغ پر زور

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔27جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے موجودہ پُرآشوب عالمی حالات میں بین الاقوامی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ خطرات سے نمٹنے کے لیے ممالک کے درمیان تعاون ناگزیر ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے چارٹر ڈے کے موقع پر جنرل اسمبلی کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ ایسے وقت میں جب دنیا کو متعدد مشترکہ چیلنجز کا سامنا ہے، تعاون کمزوری نہیں بلکہ حقیقت پسندانہ طرزِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا عالمی نظام، جہاں قوانین کا اطلاق صرف چند ممالک پر ہو، امن و استحکام نہیں بلکہ غیر یقینی، ناانصافی اور جوابدہی کے فقدان کو جنم دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدیں موسمیاتی تبدیلی، مصنوعی ذہانت، وبائی امراض یا عالمی بحرانوں جیسے مسائل کو تنہا نہیں روک سکتیں، اس لیے ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ بین الاقوامی تعاون اسی وقت مؤثر ثابت ہو سکتا ہے جب وہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین پر مبنی ہو۔ انہوں نے کہا کہ چارٹر کے اصول اختیاری یا قابلِ سودے بازی نہیں بلکہ تمام رکن ممالک کے لیے یکساں طور پر لازم ہیں۔
انہوں نے سفارت کاری، عالمی یکجہتی اور پائیدار ترقی کے لیے اقدامات تیز کرنے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ امن، انسانی وقار اور ترقی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حقائق کے مطابق اقوام متحدہ میں اصلاحات ناگزیر ہیں، تاہم یہ اصلاحات ادارے کو مضبوط بنانے کے لیے ہونی چاہئیں، نہ کہ اسے کمزور کرنے کے لیے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد، بین الاقوامی قانون اور مشترکہ انسانی اقدار کے تحفظ کے ذریعے ہی دنیا میں امن، انصاف اور مؤثر کثیرالجہتی تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔








