اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے منشیات کی آن لائن اسمگلنگ اور مصنوعی منشیات کی غیر قانونی تیاری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کرنے پر زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا منشیات کی آن لائن اسمگلنگ روکنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

مزید خبریں
اقوام متحدہ ۔27جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹر ی جنرل انتونیو گوتریش نے منشیات کی آن لائن اسمگلنگ اور مصنوعی منشیات کی غیر قانونی تیاری کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے مؤثر استفادہ کرنے پر زور دیا ہے۔شنہوا کے مطابق منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی تجارت ایسا جرم نہیں جس کا کوئی متاثرہ فریق نہ ہو، بلکہ یہ دنیا بھر میں افراد اور معاشروں کو شدید نقصان پہنچانے کے ساتھ تشدد، جرائم اور عدم استحکام کو بھی فروغ دیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال اور آن لائن اسمگلنگ کے نیٹ ورکس نے اس بحران کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جبکہ کمزور صحت کے نظام، علاج کی محدود سہولیات اور معاونت تک ناکافی رسائی اس مسئلے سے نمٹنے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔سیکرٹر ی جنرل نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ نیٹ ورکس کا سراغ لگانے، انہیں ناکام بنانے اور منشیات کی روک تھام، نقصان میں کمی اور علاج کے پروگراموں میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔








