پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور نے شالیمار، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند اور ایک کو بھاری جرمانہ عائد کر دیا ۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں،2فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند، ایک کو بھاری جرمانہ عائد
لاہور۔29جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی لاہور نے شالیمار، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے 3 فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند اور ایک کو بھاری جرمانہ عائد کر دیا ۔ترجمان کے مطابق قلفی پروڈکشن یونٹ، کیفے ٹیریا اور ایک ریسٹورنٹ کو بند کیا گیا جبکہ 2 فریزر، فرائر اور ٹیبل بھی سیل کر دیے گئے۔ کارروائیوں کے دوران بھاری مقدار میں ممنوعہ چائنہ نمک اور ایکسپائرڈ اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کے حکم پر ملاوٹ مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈی جی کے مطابق شالیمار ٹائون میں واقع قلفی پروڈکشن یونٹ کو انتہائی ناقص انتظامات پر بند اور ایک ہسپتال کے کیفے ٹیریا کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فیروزپور روڈ پر واقع ایک معروف ریسٹورنٹ کو بھی ناقص انتظامات کے باعث بند کر دیا گیا۔ معائنے کے دوران معلوم ہوا کہ مختلف اشیائے خورونوش کی تیاری میں ممنوعہ چائنہ نمک استعمال اور پیور فوڈ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی۔سید موسیٰ رضا کے مطابق فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات، فنگس زدہ دیواریں، بدبودار ماحول اور پراسیسنگ ایریاز میں کیڑوں، مکھیوں اور مکڑی کے جالوں کی موجودگی پائی گئی۔ ڈی جی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو صحت بخش اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے دن رات اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت دشمن عناصر اور ملاوٹ مافیا کے نت نئے حربوں کو ناکام بنایا جا رہا ہے اور عوامی صحت کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔









