این ڈی ایم اے کا آئندہ ہفتے کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا پیشگی جائزہ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے این ای او سی نے آئندہ ہفتے کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا پیشگی جائزہ جاری کر دیا۔پیرکو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے3سے4ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے ۔

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے )کے این ای او سی نے آئندہ ہفتے کے دوران ممکنہ موسمی صورتحال کا پیشگی جائزہ جاری کر دیا۔پیرکو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے3سے4ماہ قبل جاری موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے ۔

این ڈ ی ایم اے ممکنہ موسمی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی یقینی بنا رہا ہے۔قبل از وقت موسمی جائزہ متعلقہ اداروں کے لئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور بر وقت تیاری یقینی بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔یکم سے 6 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا پہلا باقاعدہ سپیل متوقع ہے۔

پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، شمالی بلوچستان اور بالائی سندھ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، چکوال اور اٹک میں وقفہ وقفہ سے بارش متوقع ہے۔شمال مشرقی پنجاب اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہےجبکہ شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

جنوبی پنجاب کے ملتان، بہاولپور، بہاولنگر، لودھراں، خانیوال، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، لیہ، بھکر اور میانوالی میں 3 سے 5 جولائی کے دوران بارش کا امکان ہے۔یکم تا 5 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے بالائی اور پہاڑی اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ مختلف مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔دیر، سوات، چترال، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور ملحقہ علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔یکم تا 5جولائی گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی سطح پر سیلاب کاخدشہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نےاستور، سکردو، گلگت، ہنزہ، دیامر، غذر، شگر اور گھانچے میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔مظفرآباد، نیلم ویلی، راولاکوٹ، باغ، حویلی، پونچھ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں یکم سے 6 جولائی تک بارشوں کا امکان ہے۔یکم تا 4 جولائی بلوچستان کے ژوب، شیرانی، بارکھان، سبی، کوہلو، ہرنائی، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔سندھ کے لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشمور، گھوٹکی، شکارپور، خیرپور، شہید بینظیر آباد اور نوشہرو فیروز میں 3 اور 4 جولائی کو بارش متوقع ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ موسلادھار بارش کے دوران نشیبی علاقوں، انڈر پاسز اور برساتی نالوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں۔سیاح، مسافر اور مقامی انتظامیہ موسمی صورتحال سے باخبر رہیں اور این ڈی ایم اے و متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘سے بروقت معلومات حاصل کریں۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔