حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پربلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائی ،کوئٹہ سمیت 5 اضلاع میں 18 مراکز کو جرمانہ

بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ، لورالائی، پشین، نوشکی اور صحبت پور میں انسپکشن مہم کے دوران مجموعی طور پر 18 فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے، 24 اصلاحی و شوکاز نوٹسز جاری کیے جبکہ 4 بلیک ٹی کے نمونے حاصل کیے گئے، 15 لائسنس درخواستیں وصول اور 10 نئے لائسنس فارم تقسیم کیے گئے۔

کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے)نے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ، لورالائی، پشین، نوشکی اور صحبت پور میں انسپکشن مہم کے دوران مجموعی طور پر 18 فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے، 24 اصلاحی و شوکاز نوٹسز جاری کیے جبکہ 4 بلیک ٹی کے نمونے حاصل کیے گئے، 15 لائسنس درخواستیں وصول اور 10 نئے لائسنس فارم تقسیم کیے گئے۔ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے ’’اے پی پی‘‘ کوبتایاکہ کوئٹہ میں سیٹلائٹ ٹائون، ٹک ٹک گلی، میکانگی روڈ، ایئرپورٹ روڈ، اسپنی روڈ، جناح روڈ اور مسجد روڈ پر کارروائیوں کے دوران خام چائے کے ایک ڈسٹری بیوٹر، ایک ریسٹورنٹ، دو فاسٹ فوڈ پوائنٹس اور ایک آئس کریم شاپ سمیت مجموعی طور پر 5 مراکز کو جرمانہ کیا گیا جبکہ 4 فوڈ بزنس آپریٹرز کو بہتری کے نوٹس جاری کیے گئے۔

کارروائی کے دوران خام چائے کے گودام میں ناقص صفائی، غیر مناسب اسٹوریج، ویسٹ مینجمنٹ کے ناقص انتظامات، مکڑی کے جالے، فوڈ بزنس لائسنس کی عدم دستیابی، ایکسپائرڈ اشیا، نان فوڈ گریڈ کلرز، مضر صحت کوکنگ آئل، زنگ آلود ریفریجریٹرز، کھلے کوڑے دان، حشرات کی موجودگی اور کارکنوں کی ذاتی صفائی کے ناقص انتظامات سامنے آئے۔ بی ایف اے نے 4 بلیک ٹی کے سیمپلز بھی حاصل کیے جبکہ 5 نان شاپس میں کارکنوں کو ماسک، گلوز، ہیئر نیٹ اور دیگر ذاتی حفاظتی سامان (PPE) تقسیم کرکے فوڈ سیفٹی اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ مزید برآں زیر التوا جرمانوں پر متعلقہ کاروباری مراکز کو حتمی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔لورالائی میں پولیس سٹیشن روڈ اور کوئٹہ روڈ پر معائنے کے دوران 3 ٹی کینٹینز کو جرمانہ جبکہ 5 فوڈ بزنس آپریٹرز کو بہتری کے نوٹس جاری کیے گئے۔ دو آئس فیکٹریوں کو ایس او پیز اور لائسنسنگ کی خلاف ورزیوں پر وارننگ دی گئی جبکہ 15 لائسنس درخواستیں وصول اور 10 نئے لائسنس فارم تقسیم کیے گئے۔

پشین کے علاقے قلعہ بٹیزئی میں ایک فوڈ یونٹ کو جرمانہ جبکہ 4 فوڈ بزنس آپریٹرز کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ اس موقع پر 5 زیر التوا لائسنس درخواستوں کی جانچ اور پراسیسنگ مکمل کی گئی اور کاروباری افراد کو محفوظ خوراک، صفائی اور لائسنسنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔نوشکی میں مرکزی بازار اور انم بوستان روڈ پر کارروائی کے دوران 1 مصالحہ شاپ، 2 جنرل اسٹورز، 1 جوس کارنر، 2 میٹ شاپس اور 1 ریسٹورنٹ سمیت 7 مراکز کو جرمانہ جبکہ 11 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے۔ کارروائی کی وجوہات میں صفائی کی خراب صورتحال، مضر صحت رنگوں کا استعمال، زائد المیعاد مشروبات، آلودہ کٹنگ اوزار، کھلے کوڑے دان، گوشت کی غیر محفوظ نمائش اور ورکرز کی حفاظتی سامان کے بغیر کام کرنا شامل تھا۔

صحبت پور میں مختلف اشیائے خوردونوش کے مراکز کا معائنہ کیا گیا جہاں معمولی نقائص پر متعدد کاروباری مراکز کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے، لائسنس کے حصول کی ہدایت دی گئی اور دکانداروں میں لائسنس فارم بھی تقسیم کیے گئے۔بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں انسپکشن مہم کا مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانا اور فوڈ بزنس آپریٹرز کو فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا پابند بنانا ہے۔

 

مزید خبریں