انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے کوالیفکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا، جس کے تحت پہلی مرتبہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 بھی منعقد کیا جائے گا۔
آئی سی سی اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کیلئے کوالیفکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا

مزید خبریں
لاہور۔29جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے لاس اینجلس اولمپکس 2028 میں کرکٹ کی تاریخی واپسی کے لیے کوالیفکیشن کے طریقہ کار کا اعلان کر دیا، جس کے تحت پہلی مرتبہ آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 بھی منعقد کیا جائے گا۔آئی سی سی ترجمان کے مطابق مردوں اور خواتین کے ٹی20 مقابلوں میں چھ، چھ ٹیمیں حصہ لیں گی، جبکہ افریقہ، ایشیا، یورپ اور اوشیانا سے کم از کم ایک، ایک ٹیم کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے۔
دونوں ایونٹس میں پانچ ٹیمیں آئی سی سی کے موجودہ عالمی مقابلوں اور ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگ کی بنیاد پر کوالیفائی کریں گی، جبکہ چھٹی اور آخری نشست 2027 میں ہونے والے آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر کے ذریعے طے ہوگی۔جاری آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے نتیجے میں آسٹریلیا، برطانیہ (انگلینڈ کے ذریعے)، بھارت اور جنوبی افریقہ خواتین کی ٹیمیں اولمپکس کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ویسٹ انڈیز، جو متعدد کیریبین ممالک پر مشتمل ایک مشترکہ آئی سی سی رکن ہے اور آئی او سی کی نیشنل اولمپک کمیٹی نہیں، اولمپکس میں براہ راست شرکت کا اہل نہیں ہوگا۔ تاہم اگر اس کی مردوں یا خواتین کی ٹیمیں مقررہ مدت تک بہترین آٹھ غیر کوالیفائیڈ ٹیموں میں شامل ہوئیں تو خطے کی نمائندہ ٹیم کے تعین کے لیے الگ کیریبین کوالیفائر منعقد کیا جائے گا۔
امریکا کو میزبان ہونے کے باعث مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس میں شرکت کا موقع حاصل ہوگا، بشرطیکہ وہ 30 جون سے 31 دسمبر 2026 کے دوران متعلقہ آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں ٹاپ 15 ٹیموں میں شامل ہو۔ اگر امریکی ٹیم یہ معیار پورا نہ کر سکی تو اس کی جگہ اگلی بہترین غیر کوالیفائیڈ ٹیم کو خودکار طور پر کوالیفائی کرایا جائے گا۔مردوں کے ایونٹ میں باقی ٹیموں کا فیصلہ 31 دسمبر 2026 تک آئی سی سی ٹی20 رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا، جبکہ مردوں اور خواتین دونوں ایونٹس کی آخری نشست آئی سی سی اولمپکس کوالیفائر 2027 کے ذریعے طے کی جائے گی، جس میں آٹھ، آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے کہا کہ اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کھیل کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے، جو دنیا بھر میں کرکٹ کو نئی شناخت اور نئے شائقین فراہم کرے گا۔
ا نہوں نے کہا کہ نیا کوالیفکیشن نظام تمام رکن ممالک کو اولمپکس تک رسائی کا واضح اور منصفانہ راستہ فراہم کرتا ہے۔آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ اولمپکس میں شمولیت کرکٹ کو عالمی سطح پر مزید فروغ دینے اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کا بہترین موقع ہے، جبکہ یہ نظام مسابقتی معیار اور عالمی نمائندگی دونوں کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔اولمپکس میں شریک ہر ٹیم 15 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ منتخب کر سکے گی۔
ٹیموں کو تین، تین کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، جبکہ ابتدائی مرحلے کے بعد سرفہرست دو ٹیمیں سونے اور چاندی کے تمغوں کے لیے مدمقابل ہوں گی، جبکہ تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیمیں کانسی کے تمغے کے لیے مقابلہ کریں گی۔ مردوں اور خواتین کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 28 میچز کھیلے جائیں گے، جو پومونا میں قائم کیے جانے والے خصوصی کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔








