وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں جمہوری اقدار، پارلیمانی روایات، قانون کی حکمرانی اور عوامی نمائندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک موثر موقع فراہم کرتا ہے۔
مضبوط اور فعال پارلیمان ہی ایک مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 29 جون (اے پی پی):وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عالمی یومِ پارلیمان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن دنیا بھر میں جمہوری اقدار، پارلیمانی روایات، قانون کی حکمرانی اور عوامی نمائندگی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ایک موثر موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اور فعال پارلیمان ہی ایک مستحکم، پرامن اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے، جہاں عوام کی آواز کو آئینی اور جمہوری انداز میں سنا اور قانون سازی کے ذریعے قومی مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔
وزیراعلیٰ ہائوس سے جاری کردہ بیان میں وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان کا آئین پارلیمانی جمہوریت کی مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے اور تمام ریاستی ادارے آئین کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری اداروں کا استحکام، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی ہی قومی یکجہتی، سیاسی استحکام اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی صوبے کے عوام کی امنگوں کی ترجمان ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل، موثر قانون سازی، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمت کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے پارلیمانی روایات، احتساب، شفافیت اور مشاورت کے اصولوں کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ موجودہ دور میں پارلیمان کا کردار صرف قانون سازی تک محدود نہیں بلکہ قومی اتفاقِ رائے، سماجی ہم آہنگی، عوامی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، نوجوانوں اور معاشرے کے تمام طبقات کی موثر نمائندگی جمہوری نظام کو مزید مضبوط بناتی ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان حکومت آئینی بالادستی، جمہوری روایات، شفاف حکمرانی اور عوامی خدمت کے اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے صوبے میں گڈ گورننس، موثر قانون سازی اور عوامی فلاح کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ وزیراعلی نے کہا کہ مضبوط پارلیمانی نظام ہی ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔








