وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پہلی فنانشل کلوزنگ کی کامیابی اور سرمایہ کار کنسورشیم کو انتظامی اختیارات کی منتقلی کو قومی فضائی ادارے کے لیے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کے معاشی اصلاحاتی سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوا ہے۔
پی آئی اے نجکاری کی پہلی فنانشل کلوزنگ اور انتظامی اختیارات کی منتقلی سے معاشی سفر میں اہم سنگِ میل عبور ہوا، وزیراعظم شہباز شریف

مزید خبریں
اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں پہلی فنانشل کلوزنگ کی کامیابی اور سرمایہ کار کنسورشیم کو انتظامی اختیارات کی منتقلی کو قومی فضائی ادارے کے لیے ایک نئے باب کا آغاز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان کے معاشی اصلاحاتی سفر میں ایک اور اہم سنگ میل عبور ہوا ہے۔ پیر کو ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ پی آئی اے کی جدید کاری اور اسے مزید مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی انقلابی سرمایہ کاری کے ذریعے ہم اس کے احیاء کی بنیاد رکھ رہے ہیں جبکہ پاکستان پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بھی مزید مستحکم کر رہے ہیں۔
انہوں نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کو خراج تحسین پیش کیا بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ان کی محنتی ٹیم، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، نجکاری کمیشن اور ان تمام افراد کو مبارکباد دی جن کی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیرمتزلزل عزم اور انتھک کاوشوں نے اس تاریخی کامیابی کو ممکن بنایا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم مل کر ایسی جرات مندانہ اصلاحات کا سفر جاری رکھیں گے جو ہماری معیشت کو مزید مضبوط بنائیں، عوام کے لیے نئے مواقع پیدا کریں اور پاکستان کے لیے ایک زیادہ خوشحال مستقبل کی ضمانت بنیں۔








